کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 176
باب 14
مجاہدین کی راتیں
۱۔اللہ تعالیٰ کی راہ میں جاگنے والے پہرہ دار کی فضیلت کا بیان:
حضرت ابو ریحانہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک غزوے میں تھے کہ انہوں نے سنا،آپ فرما رہے تھے:
’’حرام ہے دوزخ پر وہ آنکھ جو اللہ کی راہ میں جاگے اور حرام ہے دوزخ پر وہ آنکھ جو اللہ تعالیٰ کی خشیت (خوف) سے اشک بار ہو جائے....آخر حدیث تک۔‘‘[1]
۲۔اللہ تعالیٰ کی راہ میں پہرہ دینے کی فضیلت:
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے آزاد کردہ غلام ابو صالح نے کہا: میں نے امیر المومنین عثمان( رضی اللہ عنہ ) کو منبر پر کہتے ہوئے سنا:
’’میں نے تم سے ایک حدیث بیان نہ کی جو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی تھی۔یہ اس وجہ سے کہ تم مجھ کو چھوڑ کر نہ چلے جاؤ۔پھر مجھے خیال آیا کہ وہ حدیث میں تمہارے سامنے بیان کر دوں تاکہ آدمی اپنے لیے جو مناسب سمجھے،وہ اختیار کرلے۔میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا،آپ فرما رہے تھے: اللہ کے راستے میں ایک دن (یا ایک رات) پہرہ دینا ہزار سال سے بہتر ہے اور گھروں میں پہرہ دینے سے۔‘‘[2]
[1] سنن دارمی،کتاب الجہاد،باب فی الندی یسہر فی سبیل اللّٰہ حار....حدیث: ۲۴۳۷۔اس کی سند جید ہے۔سنن نسائی: ۳۱۱۷۔
[2] سنن دارمی،کتاب الجہاد،باب فضل من رابط یوماً ولیلۃ،حدیث: ۲۴۶۱۔اس کی سند جید ہے۔سنن ترمذی: ۱۶۶۷،سنن نسائی: ۳۱۶۹۔