کتاب: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت سپہ سالار - صفحہ 255
ہم پہلے بتا چکے ہیں کہ اسلام میں کشور کشائی مقصود بالذات نہیں۔ مقصود بالذات نظام عدل کا قیام ہے۔ یہ نظام عدل بعض دفعہ کشور کشائی کے بغیر بھی میسر آجاتا ہے۔ اور کشور کشائی کے بعد بھی یہ قائم نہ ہو۔ تو اسلامی نکتہ نظر سے ایسی فتح کا کوئی جواز نہیں۔ اگر ہم ذرا غور سے دیکھیںتو معلوم ہوتا ہے۔ جہاد اور عام جنگیں، اپنے مزاج ، مقاصد، طریق کار، انجام کار اور نتائج غرض ہر بات میں ایک دوسر سے مختلف اور مبائن ہیں جس کی وضاحت اس کتاب میں جا بجا مناسب مقامات پر پیش کی جا چکی ہے۔ ذیل میں ہم انہیں یک جا طور پر پیش کرتے ہیں۔
(۱) مقاصد کا فرق:
دنیا میں ہمیشہ یہی چلا آیا ہے کہ بھائی بھائیوں کی مدد میں لڑے ہیں۔ قبیلے قبیلوں کی حمایت، خاندان خاندانوں کی حفاظت کیلئے حتٰی کہ اہل ملک، ملک کی حمایت و حفاظت میں جانیں دیتے رہے ہیں۔ پھر کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی قوم یا ملک کے ذاتی مفادات یا سیاسی مفادات کو دنیا میں پیدا شدہ کسی بھی واقعہ سے آنچ آنے لگی۔ تو وہ لڑائی کے لیے اٹھ کھڑا ہوا۔ اور کبھی یوں بھی ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنی ذات کو یا اپنے ملک کو دوسروں سے برتر سمجھنے لگتا ہے۔ اس کے مفادات کو آنچ نہ بھی آئے تو بھی وہ چاہتا ہے کہ اس کی قوم دوسروں کو مفتوح بنا کر سر بلند ہو اور دنیا میں اپنا نام پیدا کرے ۔ دنیا میں جب بھی اور جہاں بھی کوئی جنگ ہوئی، انہیں میں سے کسی ایک مقصد کے تحت ہوئی ہے۔ لیکن اسلام ان تینوں مقاصد میں سے کسی کو بھی درست تسلیم نہیں کرتا۔ بلکہ وہ جنگ کا مقصد صرف یہ قرار دیتا ہے کہ دنیا سے فتنہ و فساد کا خاتمہ ہو اور اللہ کا بول بالا ہو۔ فتنہ و فساد کا خاتمہ اگر جنگ کیے بغیر ہو سکتا ہے تو جنگ کی کوئی ضرورت نہیں۔ اب دیکھئے کہ قرآن کریم نے صلح حدیبیہ کو فتح مبین قرار دیا ہے۔ حالانکہ یہاں سرے سے کوئی جنگ ہوئی ہی نہیں۔ جنگ نہیں ہوئی تو پھر فتح کیسی اور فتح مبین کیسی؟ یہ صلح اس لحاظ سے فتح مبین قرار دی گئی کہ فتنہ و فساد کو ختم اور نیست و نابود کرنے کے لحاظ سے جتنے شاندار نتائج اس صلح سے ہوئے۔ اگر جنگ برپا ہوجاتی اور اس میں مسلمانوں کو فتح بھی حاصل ہو جاتی تو اس کے ایسے شاندار نتائج متوقع نہ تھے۔
پھر جس طرح بدن کے کسی پھوڑے کے زہر سے باقی بدن کو بچانے کے لیے اس کا اپریشن ضروری ہوتا ہے۔ اسی طرح معاشرے کے فتنہ پرداز عناصر کے زہر سے باقی معاشرہ کو بچانے کے لیے اور اس فسادی گروہ کا قلع قمع کرنے کے لیے جنگ کی ضرورت ناگزیر ہوتی ہے۔