کتاب: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت سپہ سالار - صفحہ 110
تجارتی ناکہ بندی (BLOCKAGE)کی سکیم جوبالآخر اس کو لے ڈوبی اس کا تذکرہ پہلے کیا جا چکا ہے۔ یا جنگ واٹر لو میں اس کی شکست کا سبب صرف یہ تھا کہ وہ اپنے دو حریف جرنیلوں کو الگ الگ شکست دینا چاہتا تھا۔ان میں سے پرشیا کے جرنیل بلو شرکو اس نے شکست دی۔ اور اپنے جرنیل گردجی کو اس کے تعاقب میں بھیجا۔ اور خود اتحادیوں کے جرنیل ولنگٹن کی طرف پیش قدمی کی اس کے جرنیل گروجی نے تعاقب میں تساہل سے کام لیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بلوشر کی فوجیں بھی ولنگٹن سے آکر مل گئیں۔ اور دونوں نے مل کر نپولین کو شکست فاش دی۔ اس کی فوجی تدبیر کی ناکامی اس کی شکست کا سبب بن گئی۔ دوران جنگ ایسے ’’اتفاقی حوادث‘‘ کا پیش آجانا معمولی بات ہوتی ہے۔ ایک کامیاب جرنیل کے لیے یہ بات ملحوظ رکھنا بھی ضروری ہوتی ہے کہ اگر ایسی صورت حال پیش آجائے تو اس کا چارہ کار کیا ہو؟
اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حربی فراست کی چند مثالیں ملاحظہ فرمائیے:
(۱)محاصرہ طائف:
غزوہ حنین کے بعد طائف کا جنگ جو قبیلہ بنو ثقیف مسلمانوں کے مقابلے کے لیے اُٹھ کھڑا ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا محاصرہ کرلیا۔ یہ لوگ مضبوط قلعہ میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔ اسی غزوہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دبابہ اور منجنیق بھی استعمال کی۔تاکہ قلعہ کو کسی مقام سے شکستہ کیا جاسکے۔ لیکن اس میں کامیابی ہوتی نظر نہیں آتی تھی۔ البتہ دشمن کے اوپر سے آنے والے تیروں سے گاہے گاہے کوئی مسلمان شہید ہوجاتا ۔ ان شہدا ء کی تعداد ۱۲تک پہنچ گئی تھی۔
طائف کا محاصرہ تقریباً ایک ماہ تک جاری رہا۔مگر کوئی نتیجہ بر آمد نہ ہوا۔بالآخر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے محاصرہ اُٹھانے کا حکم دے دیا۔ مسلمانوں کے لشکر کی تعداد بارہ ہزار تھی۔جنہیں خوارک وغیرہ کی بھی کمی تھی۔ ان حالات میں محاصرہ اُٹھا لینا دوسرے لفظوں میں اپنی شکست کا کھلا اعتراف تھا۔ جو مسلمانوں پر گر انبار تھا۔ لیکن حکم کی تعمیل میں محاصرہ اُٹھا لیا گیا۔ کوئی اور جرنیل ہوتا تو اپنے جھوٹے وقار کو بحال رکھنے کے لیے تمام افواج کٹوا دیتا مگر محاصرہ نہ اُٹھاتا۔ مگر آپ کی نگاہِ دور رس نے ان حالات کا جائزہ لے لیا تھا۔ وہ لوگ ذہنی طور پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مطیع و منقادہوچکے تھے۔ صرف کسی بہانہ کی ضرورت تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عفو ودرگزر سے کام لیتے ہوئے محاصرہ اُٹھا لیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا۔ کہ یہ سب مسلمان ہوگئے۔