کتاب: مشاجرات صحابہ اور سلف کا مؤقف - صفحہ 96
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ان اقوال سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ وہ ان حروب سے بالآخر پریشان تھے یہ کوئی حق و باطل کا معرکہ نہ تھا، ورنہ پریشانی چہ معنی دارد؟ یہی وجہ ہے کہ ان جنگوں میں مقتولین کے بارے میں یہ بات منقول ہے کہ فریقین اپنے اپنے مقتولین کو تلاش کرتے اوربا ہم مل کر ان کی تدفین کرتے (البدایہ ص 278ج 7)، بلکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ ان کی نماز جنازہ پڑھاتے اور فرماتے ہمارے بھائیوں نے ہم سے بغاوت کی اور تلوار نے ان کا معاملہ پاک صاف کر دیا۔ (منہاج ص 108ج 4)، حضرت عمار رضی اللہ عنہ، حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرف داری میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ اسی بنا پر حدیث ’’ تقتلک الفئۃ الباغیۃ‘‘ کہ اے عمار !تمہیں باغی گروہ قتل کرے گا کے پیش نظر بعض نے خواہ مخواہ اس کو حق و باطل کا معرکہ بنا دیا، مگر انہوں نے اس پر مطلقاً غور نہیں کیا کہ طائفہ باغیہ کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد کیا ہے؟ قرآن اس صورت میں طائفہ باغیہ سے آخر وقت تک قتال کا حکم دیتا ہے مگر حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اس کی بجائے ثالثی نامہ کو قبول کیا، قتال کے بعد پریشانی کااظہار فرمایا، اور ترک قتال کو ہی مستحسن قراردیا۔ اس لئے اس حدیث کی بنیاد پر ان محاربات کو حق و باطل کا معرکہ قرار دینا بہرنوع غلط ہے اور عاقبت نااندیشی کا باعث ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرح حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ بھی اس صورتحال سے ناخوش تھے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ ان کا اختلاف کسی ذاتی وجاہت یا عداوت پر مبنی نہ تھا۔ ابو مسلم رحمہ اللہ خولانی نے جب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا کہ آپ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے لڑتے ہیں کیا آپ ان سے افضل ہیں ؟ تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : لا واللّٰہ إني لأعلم أن علیا أفضل مني وإنہ لأحق بالامرمني‘‘ نہیں، اللہ کی قسم میں خوب جانتا ہوں کہ علی رضی اللہ عنہ مجھ سے افضل اور خلافت میں بھی زیادہ حقدار ہیں ۔ (عقیدۃ السفارینی ص 328ج 2) حضرت ابوالدرداء اورحضرت ابو امامہ نے جب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا کہ آپ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کیوں لڑتے ہیں ؟ وہ آپ سے اور آپ کے باپ سے پہلے مسلمان ہوئے، رسول اللہا سے قرابت بھی انہیں آپ سے زیادہ ہے۔اور وہ خلافت میں بھی آپ سے زیادہ حقدار ہیں تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے خون کے بارے میں لڑتا ہوں حضرت علی رضی اللہ عنہ نے قاتلین کو پناہ