کتاب: مسلمان عورت جنت اور جہنم کے دوراہے پر - صفحہ 94
وعن أبی هریرة أنه صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: ((لعن اللّٰه الرجلة من النساء)) [1] ’’ابوہریرہ سے مروی ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے مردوں جیسا بننے والی عورتوں پر لعنت کی ہے۔‘‘ وعن أبی هریرة أنه صلی اللّٰه علیہ وسلم قال: ((لعن رسول اللّٰه الرجل یلبس لبسة المرأة والمرأة تلبس لبسة الرجل)) [2] ’’حضرت ابوہریرہ روایت کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورت کا پہناوا پہننے والے مرد اور مرد کاپہناوا پہننے والی عورت پر لعنت کی ہے۔‘‘ یعنی جو لباس عورتوں کے لیے مخصوص ہیں وہ مرد نہ پہنیں،مثلا رنگ برنگے پھول دار کپڑے اور جو مردوں کے مخصوص کپڑے ہیں وہ خواتین نہ پہنیں،مثلا پینٹ شرٹ یا ٹراؤزر وغیرہ۔ امام ذہبیؒ نے اس عمل کو کبیرہ گناہوں کی فہرست میں شامل کیا ہے امام طبری اس کی وضاحت یوں کرتے ہیں۔مردوں کے لئے جائز نہیں ہے کہ وہ لباس اور ایسی زینت جو عورتوں کے لئے خاص ہے، اس میں عورتوں کی نقالی اور مشابہت کریں۔ ابن حجر رحمہ اللہ علیہ نے ان باتوں کا اضافہ کیا ہے۔گفتگو اور چلنے کے انداز میں بھی مشابہت نہ کریں۔عورت کو ستر اور حجاب کے ساتھ اپنے امتیاز کو برقرار رکھنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت کو جن صفات کے ساتھ پیدا کیا ہے۔انہیں چھوڑ کر دوسرے کی صفت کو اختیار کرنے کی کوشش کرنا تغییر فی خلق الله کے ضمن میں آ کر حرام اور لعنت کا موجب بنتا ہے۔
[1] صحیح ابوداؤد:4098 [2] صحیح: ابوداؤد:4098، احمد :25/2