کتاب: مسلمان عورت جنت اور جہنم کے دوراہے پر - صفحہ 93
وہ خواتین جن پر لعنت کی گئی ہے
1۔قبروں کی زیارت کرنے والی
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں آپ نے فرمایا:
((لعن اللّٰه زوارات القبور)) [1]
’’اللہ تعالیٰ نے قبروں پر جانے والی خواتین پر لعنت کی ہے۔‘‘
یہاں ایسی خواتین پر لعنت کی گئی ہے جو کثرت سے قبروں پر آتی جاتی ہیں۔اس کا سبب یہ ہو سکتا ہے کہ اس سے شوہر کا حق متاثر ہوتا ہو۔اس کے اجازت کے بغیر گھر سے نکلتی ہوں، زیب و زینت کا اظہار کرتی ہوں۔قبروں کی تعظیم میں قبر پرستی اور شرک کرتی ہوں البتہ عبرت کے لئے جانا یا اپنے کسی عزیز کی قبر پر جانے میں کوئی حرج نہیں جیسا کہ تفصیل گذر چکی ہے۔
2۔مردوں کی مشابہت کرنے والی
ایسی خواتین جو اپنی ہیت اور طور طریقوں میں مردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہیں، ان پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت کی ہے۔
عن ابن عباس أنه صلی اللّٰہ علیہ وسلم لعن المخنثین من الرجال والمترجلات من النساء [2]
’’ عبد اللہ بن عباس روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردوں میں سے ہیجڑا بننے والے اور مردوں کی مشابہت کرنے والی عورتوں پر لعنت کی ہے۔‘‘
[1] جامع ترمذی،کتاب الجنائز: 1056
[2] صحیح بخاری: 5886، 5885