کتاب: مختصر فقہ الصلاۃ نماز نبوی - صفحہ 127
اس حساب سے کل جمع اعداد ۱۱۸۸بنتا ہے۔ یاد رہے کہ اس میں ہم نے ظاہر صورت کتابت کا خیال رکھا ہے، جس کے مطابق لفظ الرّحمن اور لفظ الرّحیم میں حرف ’’را‘‘ مشدّد ہے اور مشدّد حرف دو کے حکم میں ہوتا ہے۔ 2 اگر حرفِ مشدّد کو ایک کے حکم میں رکھ کر دیکھیں تو ’’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ میں حرفِ مشدّد تین ہیں۔ ایک حرفِ ’’لام ‘‘لفظ اللہ میں، ایک حرفِ ’’را ‘‘لفظ الرحمن میں اور ایک حرفِ ’’را ‘‘لفظ الرحیم میں اور ان تین حروف کی قیمت بنتی ہے ۴۳۰۔ اب اس قیمت کو کل قیمت سے منہا کر لیا جائے تو حساب ہو گا ۱۱۸۸۔۴۳۰= ۷۵۸ 3 اگر ملفوظ حروف کے حساب سے نکالیں تو پھر ’’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ میں غیر ملفوظ لفظ اللہ کا الف، لفظ الرحمن کا الف لام ’’ال‘‘ اور لفظ الرحیم کا ’’ال‘‘ یعنی کل پانچ حروف غیر ملفوظ ہیں۔ تین الف اور دو لام جن کی قیمت بنتی ہے ۶۳، جسے کل تعداد (۱۱۸۸) سے منہا کریں تو بھی باقی ۱۱۲۵ بچتے ہیں۔ 4 ملفوظ میں سے بھی مشدّد حروف کو نکال دیا جائے تو بھی ۷۸۶ نہیں بنتے کہ ملفوظ میں مشدّد تین ہیں۔ لفظ اللہ میں ’’لام‘‘ لفظ الرحمن میں ’’را‘‘ اور لفظ الرحیم میں ’’را‘‘ یعنی تین حروف جن کی قیمت ہے ۴۳۰، جس کو ملفوظ کی کل قیمت ۱۱۲۵سے نکالا جائے تو باقی بچے گا ۶۹۵۔ گویا کسی طرح بھی ۷۸۶ صحیح نہیں بنتا۔ ۷۸۶ صرف ایک صورت میں بنتا ہے اور وہ صورت صرف عقیدۂ شیعہ کے مطابق ہے، یعنی اگر کہا جائے: ’’اِمَامُ الْمُؤْمِنِیْنَ عَلیٌّ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ‘‘ غور فرمائیے!