کتاب: مختصر مسائل و احکام نمازِ جنازہ - صفحہ 5
کتاب: مختصر مسائل و احکام نمازِ جنازہ
مصنف: شیخ ابو عدنان محمد منیر مقر
پبلیشر: توحید پبلیکیشنز،بنگلور(اندیا)
ترجمہ:
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
ابتدائیہ
اِنَّ الْحمْدَ للّٰہِ نَحْمَدُہٗ وَ نَسْتَعِینُہٗ وَ نَسْتَغْفِرُہٗ وَ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ منْ شُرُورِ اَنْفُسِنَا وَ سَیِّئاتِ اَعْمَالِنَا،مَنْ یَّھْدِہٖ اللّٰہُ فَلا مُضِلَّ لَہٗ وَ مَنْ یُّضْلِلْ فَلَا ھَادِیَ لَہٗ وَأَشْھَدُ اَنْ لَّا اِله اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلہٗ۔
أَمَّا بَعْدُ:
قارئینِ کرام ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ وبعد:
متحدہ عرب امارات کے ریڈیو ام القیوین کی اردو سروس سے دینی پروگرام پیش کرنے کا موقع ملا اور اللہ کی توفیق وعنائت سے یہ پروگرام’’دین ودنیا‘‘ چودہ سال تک مسلسل روزانہ نشر ہوتا رہا۔اس میں ہم نے اللہ کے فضل وکرم سے متعدداسلامی موضوعات کو کافی شرح وبسط سے ساتھ نشر کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ طہارت ونماز سے متعلقہ مسائل واحکام کی تفصیلات چار ضخیم جلدوں پر مشتمل ہیں جن میں سے دو جلدیں چھپ چکی ہیں۔تیسری زیرِ طبع ہے اور چوتھی بھی تیار ہے۔اللہ تعالیٰ اس مکمل کتاب کی طباعت کی توفیق سے نوازے۔آمین۔
انہی موضوعات ومتعلقاتِ نماز کے ضمن میں ہی یہ’’نمازِ جنازہ‘‘ بھی آتی ہے جو الگ سے مستقل کتابی شکل میں پیشِ خدمت ہے۔جسے ہماری دخترِ عزیز ام محمد شکیلہ قمر(الدمام)نے مرتب کیا ہے۔
اس کتاب میں نشر شدہ موضوع کے علاوہ کئی مفیداضافے بھی شامل ہیں اور اصل ریڈیو پروگرام آڈیوکیسٹ اورایم۔پی3 سی ڈیز(Cd's-MP3)کی شکل میں بھی دستیاب ہیں۔