کتاب: مختصر مسائل و احکام طہارت و نماز - صفحہ 13
پاک ہے میرا رب بلند وبالا شان والا۔
اور اگر ان کلمات کا اضافہ بھی کرلیں تو اچھا ہے:
{ سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ رَبَّنَا وَ بِحَمْدِکَ اللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ}(بخاری و مسلم)
پاک ہے تو اے اللہ! ہمارے پروردگار! اپنی تمام تعریفوں کے ساتھ،مجھے بخش دے۔
جلسہ بین السجدتین اور اسکی دعاء:
۱۵۔ پھر اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئے سجدہ سے سر اٹھائیں۔
۱۶۔ اب بائیں پاؤں کو بچھا کر اس پر بیٹھ جائیں، اور دایاں پاؤں کھڑا رکھیں۔ اپنا دایاں ہاتھ اپنے دائیں گھٹنے کے ساتھ ہی دائیں ران پر اس طرح رکھیں کہ سب سے چھوٹی انگلی اور اسکے ساتھ والی انگلی بند ہوں ،اور درمیانی انگلی اور انگھوٹھے کا حلقہ بنائیں ،اور بائیں ہاتھ کی انگلیاں کھلی چھوڑ کر اسے بائیں گھٹنے کے ساتھ ہی ران پر رکھیں۔
۱۷۔ دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھ کر یہ دعاء کریں:
{اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِيْ وَارْحَمْنِيْْ وَاھْدِنِيْ وَارْزُقْنِيْ وَاجْبُرْنِیْ وَعَافِنِي} (ابوداؤد ، ترمذی)
اے اللہ! میری بخشش فرما، مجھ پر رحم کر، مجھے ہدایت دے۔مجھے رزق عطا کر، میرے مصائب و نقصان کی تلافی فرما اور مجھے عافیت سے رکھ۔
دوسرا سجدہ:
۱۸۔اسکے بعد پورے خشوع و خضوع کے ساتھ اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئے دوسرا سجدہ کریں اور اسمیں بھی وہی کریں اور وہی پڑھیں جسکا تذکرہ پہلے سجدہ کے ضمن میں گزرا ہے۔
دوسری رکعت:
۱۹۔ اب اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئے دوسرے سجدہ سے اٹھیں، اور دوسری رکعت پڑھیں۔ اسمیں بھی وہی کرنا اور پڑھنا ہے ،جو پہلی رکعت میں کیا اور پڑھا ہے، سوائے اسکے کہ دوسری رکعت میں دعائِ استفتاح و ثناء نہیں ہے۔