کتاب: مباحث فی علوم القرآن - صفحہ 506
۴۔ مشاہد الانتصاف علی شاہد الکشاف للمرزوقی
اس تفسیر میں بہت سے اعتزالی عقائد پائے جاتے ہیں جو کہ اشارۃً بیان ہوئے ہیں ۔
بلقینی کہتے ہیں :
میں نے کشاف سے اعتزالی عقائد کو خوب کھوج لگا کر نکالا ہے۔
6۔ شوکانی
نسب وحالات:
ناصر السنہ، قاطعِ بدعت قاضی محمد بن علی بن عبداللہ شوکانی، صنعانی، امام اور مجتہد تھے۔
۱۱۷۳ ہجری کو ہجرہ کی بستی شوکان میں پیدا ہوئے اور صنعاء میں پرورش پائی، وہیں قرآن پڑھا اور علم حاصل کرنے لگ گئے۔ اپنے دور کے معروف علماء سے سماع کرتے اور نحو، صرف، بلاغت کے متون، اصول اور بحث ومناظرہ کے بہت سے اصول یاد کر لیے۔ یہاں تک کہ ایسے امام بن گئے کہ لوگ ان کی طرف رجوع کرنے لگے اور اپنی وفات ۱۲۵۰ ہجری تک علم، قراء ت اور تدریس کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔
مذہب عقیدہ:
آپ نے امام زید کی فقہ میں خوب مہارت حاصل کی، کتابیں تالیف کیں ، فتویٰ نویسی اور طلبِ حدیث میں بھی نام پیدا کیا اور اس میں اپنے ہم عصر ساتھیوں سے آگے نکل گئے۔ حتی کہ تقلید کا پھندا اتار پھینکا اور سنت کے مددگار اور دشمنانِ سنت کے دشمن بن گئے۔ آپ تقلید کو حرام سمجھتے تھے، اسی مسئلہ پر ایک رسالہ لکھا جس کا نام ’’القول المفید فی ادلۃ الاجتہاد والتقلید‘‘ رکھا۔
تالیفات:
آپ نے مختلف فنون میں بہت سی کتابیں لکھیں ، جن میں تفسیر میں فتح القدیر اور شیخ الاسلام ابنِ تیمیہ کے دادا محمد بن تیمیہ کی کتاب منتقی الاخبار کی شرح نیل الاوطار ہے جو کہ فقہی مسائل پر احادیث کی شرح ہے۔ نیز ان کی اصول پر کتاب ارشاد الفحول ہے جسے الفتح الربائی کا نام دیا ہے۔