کتاب: مباحث فی علوم القرآن - صفحہ 251
ان سے روایت کرنے والے خلف اور خلاد ہیں ۔ خلف: یہ خلف بن ہشام البزار ہیں ، ان کی کنیت ابومحمد تھی، ۲۲۹ ہجری میں بغداد میں فوت ہوئے۔ خلاد: ابوعیسیٰ خلاد بن خالد یا خلید الصیرفی الکوفی، ۲۲۰ ہجری میں کوفہ میں وفات پائی۔ ۷۔ الکسائی الکوفی: یہ کوفہ کے نحویوں کے امام علی بن حمزہ ہیں ، ان کی کنیت ابوالحسن تھی۔ انہوں نے ایک کساء (کمبل) میں احرام باندھا تھا اس لیے انہیں کسائی کہا جاتا ہے، ۱۸۹ ہجری میں جب یہ ہارون الرشید کے ساتھ خراسان جا رہے تھے تو علاقہ رَے کی بستی رنبویہ میں ان کا انتقال ہوا۔ ان سے روایت کرنے والے ابوالحارث اور حفص الدوری ہیں : ابوالحارث: ان کا نام لیث بن خالد البغدادی تھا، ۲۴۰ ہجری میں ان کی وفات ہوئی۔ حفص الدوری: یہ وہی ہیں جنہوں نے ابوعمرو سے بھی روایت کی ہے، ان کا تذکرہ گزر چکا ہے۔ اب ان تین راویوں کا تذکرہ کیا جاتا ہے جن کے ساتھ دس کی تعداد مکمل ہوتی ہے۔ ۸۔ ابوجعفر المدنی: ان کا نام یزید بن القعقاع تھا، ۱۲۳ یا ۱۲۸ ہجری میں مدینہ میں وفات پائی، ان سے روایت کرنے والے ابن وردان اور ابن جماز ہیں ۔ ابن وردان: ابوالحارث عیسیٰ بن وردان المدنی، ۱۶۰ ہجری کے قریب مدینہ میں فوت ہوئے۔ ابن جماز: ابوالربیع سلیمان بن مسلم بن جماز المدنی، ۱۷۰ ہجری کے بعد مدینہ میں فوت ہوئے۔ ۹۔ یعقوب البصری: ابو محمد یعقوب بن اسحاق بن زید الحضرمی، ۱۸۵ یا ۲۰۵ ہجری میں بصرہ میں فوت ہوئے، ان سے روایت کرنے والے رویس اور روح ہیں ۔ رویس: ابوعبداللہ محمد بن المتوکل اللؤلؤی البصری رویس ان کا لقب تھا، ۲۳۸ ہجری میں بصرہ میں ان کا انتقال ہوا۔