کتاب: مقالات ارشاد الحق اثری جلد4 - صفحہ 45
اور دارقطن کے ضبط میں علما نے لکھا ہے کہ یہ بہ فتحہ دال، سکون الف، فتحہ را، ضمہ قاف اور سکون طا مہملہ کے ساتھ پڑھا جاتا ہے۔[1]
دارقُطن محلہ کرخ اور نہر عیسیٰ بن علی کے درمیان واقع تھا۔[2] عربی میں قُطن روئی کو کہتے ہیں، اس محلہ میں روئی کی بہت بڑی منڈی ہو گی، اسی وجہ سے یہ محلہ دارقطن کے نام سے مشہور ہوا۔
ولادت:
امام دارقطنی رحمہ اللہ عباسی خلیفہ المقتدر باللہ کے عہد میں پانچ ذیقعدہ ۳۰۶ھ بمطابق ۹۱۸ء کو پیدا ہوئے۔ طاش کبریٰ زادہ سن تولد میں متردد ہیں۔ چنانچہ لکھتے ہیں:
’’ولد سنۃ خمس أو ست وثلٰث مائۃ‘‘[3]
’’وہ ۳۰۵ھ یا ۳۰۶ھ میں پیدا ہوئے۔‘‘ لیکن اکثر تذکرہ نویسوں نے سنِ تولد ۳۰۶ھ ہی لکھا ہے اور اس کی تائید خود امام موصوف کے کلام سے بھی ہوتی ہے۔ فرماتے ہیں:
’’ولدت سنۃ ست وثلٰث مائۃ‘‘[4]
اس بنا پر ۳۰۶ھ ہی صحیح معلوم ہوتا ہے، لہٰذا اس کے بعد کسی قسم کے شبہ کی گنجایش باقی نہیں رہتی۔
طلبِ علم:
امام دارقطنی رحمہ اللہ نے ابتدائی عمر ہی میں علمی جواہرات بڑی تندہی سے جمع کرنا
[1] أیضاً و وفیات الأعیان (۱/۳۵۹)۔
[2] معجم البلدان (۲/۴۲۲)۔
[3] مفتاح دار السعادۃ (۳/۱۴)۔
[4] آخر الالزامات (ص: ۱۱۶)۔