کتاب: مقالات ارشاد الحق اثری جلد4 - صفحہ 41
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
امام دارقطنی رحمہ اللہ
پیش لفظ:
جس طرح اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے نظم و معانی کی حفاظت کی ہے، اسی طرح وحی کے دوسرے حصے حدیث کی حفاظت کے بھی سامان بہم پہنچائے ہیں اور ہر دور میں اس دور کی ضرورت کے مطابق ایسے اشخاص پیدا ہوتے رہے جنھوں نے حدیث کی حفاظت و مدافعت میں معجزانہ کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ تاریخِ تدوینِ حدیث کے مطالعہ سے یہ احساس ہوتا ہے کہ گویا اللہ تعالیٰ نے محدثین رحمہم اللہ کو اسی کام کے لیے پیدا کیا تھا اور انھوں نے بھی وہی کام سرانجام دیے جس کے لیے وہ پیدا ہوئے تھے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم و تابعین رحمہم اللہ کے بعد ائمہ اسلام اور محدثین کا دور شروع ہو جاتا ہے۔ یہ دور اس اعتبار سے نہایت پرفتن دور ہے کہ اس میں ہر قسم کے اہلِ بدعت پیدا ہو گئے تھے اور فتنۂ وضع حدیث بھی اپنی پوری قوت کے ساتھ ظاہر ہو چکا تھا، اس دور میں محدثین نے ایک طرف تو جمع و تدوینِ حدیث کا کام تندہی سے سرانجام دیا اور دور دراز سفروں کی تکالیف اٹھا کر بلادِ اسلامیہ کے ہر کونے میں پہنچنے کی کوشش کی اور پھر اس جمع شدہ ذخیرے کی تہذیب و تنقیح بجائے خود ایک محنت طلب کام تھا۔ چنانچہ محدثین نے اپنی لگاتار محنتوں سے اس ذخیرے کو نہ صرف مرتب کیا، بلکہ سند و متن کی