کتاب: مقالات ارشاد الحق اثری جلد4 - صفحہ 38
بے پناہ درد تھا، ایک بار فرمانے لگے: دیکھو الحاد اور زندیقیت کی اسلام کے خلاف ایک یلغار ہے، لاہور آجاؤ، اس یلغار کے آگے بند باندھنے کے لیے مل کر کم از کم ایک سو مقالات لکھیں گے، لیکن: اے بسا آرزو کہ خاک شدہ!
حضرت سید صاحب بلاشبہ عظیم شخصیت کے مالک تھے، لیکن ان کی شخصیت میں جو محبوبیت اور جاذبیت تھی، وہ اور کہیں نظر نہیں آئی، ان کے دل میں اللہ کی محبت کے چراغ جل رہے تھے، ان کا سینہ دینی حمیت و غیرت سے معمور تھا، میں ’’مقالات‘‘ اور ان کے قارئین کرام کے درمیان زیادہ حائل نہیں رہنا چاہتا، لیکن سید صاحب رحمہ اللہ کی ایمانی غیرت سے متعلق ایک واقعہ یاد آگیا ہے، جی چاہتا ہے کہ قارئین کرام کی خدمت میں بھی پیش کر دیا جائے:
اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین محترم جناب ڈاکٹر شیر محمد زمان صاحب نہایت فاضل شخصیت ہیں، اردو، عربی اور انگریزی زبانوں پر کامل عبور رکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے انھیں علم و فضل اور امانت و دیانت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں سے بھی بہرہ وافر عطا فرمایا ہے، کونسل میں ان کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اللہ تعالیٰ انھیں ایمان و سلامتی اور صحت و عافیت کے ساتھ دراز اور بابرکت عمر عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین
محترم ڈاکٹر صاحب کے حضرت سید ابوبکر غزنوی رحمہ اللہ کے ساتھ بہت گہرے دوستانہ مراسم تھے، سید صاحب جب لندن میں اسلامک فیسٹول میں شرکت کے لیے تشریف لے گئے، اس وقت ڈاکٹر صاحب کا قیام بھی لندن میں تھا، آپ پاکستانی سفارت خانہ میں غالباً کلچرل اتاشی تھے، فیسٹول کے مہمانوں کے قیام و طعام کا اگرچہ سرکاری طور پر اہتمام تھا، مگر محترم ڈاکٹر صاحب نے حضرت سید صاحب اور جناب