کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 640
تیرہواں مقالہ:
حافظ ابوبشر الدولابی رحمہ اللہ
نام ونسب:
آپ کا نام اور نسب نامہ یوں ہے:
محمد بن احمد بن حماد بن سعید بن مسلم الانصاری الرازی الدولابی الوراق نزیل المصر۔ آپ کے دادے کی طرف نسبت کرتے ہوئے آپ کو ابن حماد بھی کہا جاتا ہے۔
کنیت:
آپ کی مشہور کنیت تو ابوبشر ہی ہے جب کہ آپ کی کنیت ابوبکر بھی ذکر کی گئی ہے۔ (سوالات السہمی للدارقطنی، ص: ۱۱۵، وتاریخ دمشق: ۱۴/ ۶۷۸، خط)
پیدائش:
حافظ دولابی کا خود اپنا بیان ہے کہ میں ۲۲۴ھ کو پیدا ہوا۔ (تاریخ دمشق، ج:۱۴، ص:۶۷۸ مخطوط)
دولاب کا ضبط:
دولاب میں دال کو پیش یا زبر دونوں حرکات کے ساتھ اس کا تلفظ کرسکتے ہیں۔ اکثر محدثین وغیرہم اسے دال کے ضمہ کے ساتھ ہی پڑھتے ہیں، تاہم حافظ سمعانی نے اسے زبر کے ساتھ پڑھنے کو ترجیح دی ہے۔ (الانساب: ۲/۵۱۰)