کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 603
چوتھا شاہد: حدیث حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ :
امام سخاوی رحمہ اللہ نے المقاصد الحسنۃ (ص: ۳۶۳)، حافظ ابن طولون رحمہ اللہ نے الشذرۃ (۲/ ۱۰۳) اور علامہ ابن الدیبع رحمہ اللہ نے تمییز الطیب (ص: ۱۴۳) میں امام ابو نعیم رحمہ اللہ کے حوالے سے سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی روایت ان الفاظ سے ذکر کی ہے:
((یا فاطمۃ! إنہ لم یعمر نبي إلا نصف عمر الذي قبلہ))
اس کے بارے میں حافظ عجلونی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
’’اس حدیث کے بارے میں ’’حواشي المواھب للشبراملسي‘‘ میں کلام (تنقید) موجود ہے۔‘‘ (کشف الخفاء: ۲/ ۲۳۸)
اس روایت کی سند نا معلوم ہے، لہٰذا یہ روایت ضعیف ہے۔
پانچواں شاہد: حدیث حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا :
امام ابن ابی حاتم رحمہما اللہ نے کسی سند کے بغیر سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کی روایت کو ان الفاظ سے بیان کیا ہے:
(( إن اللّٰه لم یبعث نبیاً إلا عمر في أمتہ شطر ما عمر النبي الماضي قبلہ، وأن عیسی بن مریم کان أربعین سنۃ في بنی إسرائیل، وھذہ لي عشرون سنۃ وأنا میت في السنۃ))(تفسیر ابن أبي حاتم: ۱۰/ ۳۴۷۲، ح: ۱۹۵۲۱)
امام ابن مردویہ نے بھی سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا سے روایت نقل کی ہے۔(الدر المنثور للسیوطي: ۶/ ۴۰۶، ۴۰۷)
اس روایت اور اس کے ما بعد آثار وغیرہ میں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی بنی اسرائیل میں مدتِ اقامت پچھلی روایات کے برعکس چالیس برس بیان کی گئی ہے۔
یہ روایت بھی بے سند ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔