کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 54
اسی طرح ادارے میں شبانہ روز مصروفِ عمل گرامی قدر، فضیلۃ الشیخ عبدالحی انصاریؔ حفظہ اللہ ، نہایت مشفق بھائی مولانا طارق محمود ثاقب (فاضل مدینہ یونیورسٹی)، محترم قاری محمد بشیر اور اخی و محبی اور میرے دیرینہ ساتھی حافظ مولانا محمد ارشاد (فاضل جامعہ سلفیہ، فیصل آباد)j کا بھی تہِ دل سے شاکر ہوں کہ انھوں نے مقالات کی تیاری میں بھرپور تعاون فرمایا۔
محترم حافظ عبدالعظیم اسدؔ (مینیجر مکتبہ دار السلام، لاہور)، لائق تکریم جناب عبدالمالک مجاہدؔ (الرئیس العام، مکتبہ دار السلام، الریاض) حفظہما اللہ کا بھی احسان مند ہوں، جنھوں نے میری حوصلہ افزائی فرمائی۔ علم کے شناور اور مخلص بھائی حافظ شاہد محمود (فاضل مدینہ یونیورسٹی) اور محمد حسن صاحب (آف کراچی) کا بھی شکر گزار ہوں، جنھوں نے میرے اشتیاق کو مہمیز لگائی، ان کی پیہم ترغیب کے نتیجے ہی میں ’’مقالاتِ اثریہ‘‘ قارئین کے ہاتھوں میں ہے۔
انتہائی ناسپاسی ہوگی اگر میں برادرِ حقیقی محمد شعیب شاہد ابو عمار کے احسانات فراموش کر دوں جو دامے، دَرمے، قدمے اور سخنے میرے ساتھ رہے۔
اللہ تعالیٰ تمام حضرات کی حسنات اور اس کارِ خیر میں ان کے تعاون کو قبول فرمائے۔ اپنی مرضیات سے نوازے۔ ہمیشہ اپنی رضا کے کام آسان فرمائے اور انھی راہوں پر چلتے ہوئے ایمان پر موت نصیب فرمائے۔ آمین
خادم السنۃ النبویۃ
محمد خبیب احمد
رفیق: ادارہ علومِ اثریہ، منٹگمری بازار، فیصل آباد
0300-6646341