کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 47
چوتھی صدی ہجری:
حافظ احمد بن ہارون البردیجی رحمہ اللہ (۳۰۱ھ) نے ’’معرفۃ المتصل من الحدیث والمرسل والمقطوع و بیان الطرق الصحیحۃ‘‘ لکھی۔
(الفہرسۃ لابن خیر الإشبیلي، ص: ۱۷۵)
حافظ ابو جعفر احمد بن محمد الطحاوی رحمہ اللہ (۳۲۱ھ) نے ’’التسویۃ بین حدثنا وأخبرنا‘‘ پر ایک رسالہ لکھا، جو شیخ ابو غدہ عبدالفتاح کی تحقیق سے شائع ہوا۔ یہ رسالہ ’’خمس رسائل في علوم الحدیث‘‘ کے ضمن میں مطبوع ہے۔
امام ابن حبان رحمہ اللہ (۳۵۴ھ) نے اپنی تین کتب کے مقدمے میں مصطلح کے نہایت اہم مسائل ذکر کیے ہیں۔
(مقدمۃ التقاسیم والأنواع، مقدمۃ کتاب الثقات اور مقدمۃ کتاب المجروحین)
امام رامہرمزی رحمہ اللہ (۳۶۰ھ) نے ’’المحدث الفاصل بین الراوي والواعي‘‘ کے عنوان سے ضخیم کتاب لکھی۔
علامہ ابو الفتح الازدی رحمہ اللہ (۳۷۴ھ) نے متعدد کتب لکھیں۔ (تاریخ بغداد: ۲/ ۲۴۴)
امام خطابی ابو سلیمان حمد بن محمد رحمہ اللہ ۳۸۸ھ نے ’’مقدمہ معالم السنن‘‘ میں حدیث کی تین اقسام ذکر کی ہیں: صحیح، حسن اور ضعیف۔
امام ابن مندہ ابو عبداللہ محمد بن اسحاق رحمہ اللہ (۳۹۵ھ) نے ’’جزء في شروط الأئمۃ في القراء ۃ والسماع والمناولۃ والإجازۃ‘‘ لکھی، جو مطبوع ہے۔
علامہ ابن لال احمد بن علی ابوبکر الفقیہ الہمدانی رحمہ اللہ (۳۹۸ھ) نے ’’علوم الحدیث‘‘ پر کتب تالیف کیں۔ (التقیید لابن نقطۃ: ۱/ ۱۶۸)