کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 389
مجاعۃ کا اضطراب:
اس کی تفصیل یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے مجاعۃ کے ترجمے میں حدیث ’’استکثروا من النعال۔۔۔‘‘ مجاعۃ، عن الحسن البصری، عن جابر مرفوعاً ذکر کی ہے۔
جبکہ یہی حدیث صحیح مسلم (۲۰۹۶۔ طبع مکتبۃ دارالسلام، رقم: ۵۴۹۴) وغیرہ میں أبو الزبیر عن جابر مرفوعاً مروی ہے۔ اور یہ سند بلاشبہ صحیح ہے۔
گویا ابو الزبیر کی طرح اسی حدیث کو مجاعۃ بھی بیان کرتے ہیں۔ مگر مجاعۃ کبھی تو اسے مسندِ جابر رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں۔ جیسا کہ ابو الزبیر بیان کرتے ہیں اور کبھی حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ کی مسند سے بیان کرتے ہیں۔
مسند جابر رضی اللہ عنہ والی روایت امام بخاری رحمہ اللہ نے التاریخ الکبیر اور حافظ ابن عدی رحمہ اللہ نے الکامل (۶/ ۲۴۱۹) میں مجاعۃ موصوف کے ترجمہ میں ذکر کی ہے۔
مسند عمران بن حصین رضی اللہ عنہ کی روایت حافظ خطیب بغدادی رحمہ اللہ نے تاریخ بغداد (۹/ ۴۰۴۔ ۴۰۵) میں بیان کی ہے۔
حافظ عقیلی رحمہ اللہ نے کتاب (الضعفاء: ۴/ ۲۵۹) اور حافظ ابن عدی رحمہ اللہ نے الکامل (۶/ ۲۴۱۹) میں مجاعۃ کے ترجمے میں یہ حدیث ذکر کی ہے۔ جو قرینہ ہے کہ یہ روایت بایں سند مجاعۃ کی وجہ سے منکر ہے۔ جیسا کہ محدثین راویان کے تذکرہ میں بطورِ تعارف بھی منکر روایت ذکر کر دیتے ہیں۔ اس کی نکارت کی نشان دہی کبھی صراحتاً فرماتے ہیں اور کبھی تلمیحاً۔
حافظ ابن عدی رحمہ اللہ نے الکامل میں ان دونوں روایات کی سندوں کو یکجا بیان کر کے یوں توضیح فرمائی کہ مجاعۃ سے عبدالصمد بن عبدالوارث بیان کرے تو مجاعۃ، عن