کتاب: مقالاتِ اثریہ - صفحہ 123
دوسرا حصہ:
حسن لغیرہ
اشکالات کا ازالہ
اشکال 1:
بسا اوقات کسی ضعیف حدیث کی متعدد سندیں ہوتی ہیں یا اس کے ضعیف شواہد موجود ہوتے ہیں، مگر اس کے باوجود محدثین اسے حسن لغیرہ کے درجے میں نہیں لاتے، حسن لغیرہ کی عدمِ حجیت میں سب سے بڑی دلیل یہی ہے۔
ازالہ: اس کی درج ذیل وجوہات ہیں:
عدمِ تقویت کے اسباب:
ایسی حدیث کے حسن لغیرہ نہ ہونے میں پہلا سبب یہ ہے کہ ناقد سمجھتا ہے کہ اس حدیث کو بیان کرنے میں شاہد حدیث کے کسی راوی نے غلطی کی ہے، لہٰذا غلط متابع یا غلط شاہد ضعف کے احتمال کو رفع نہیں کر سکتے۔
اسے یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ ایک حدیث کی دو سندیں ہیں، ایک سند کے راوی کے بارے میں راجح یہ ہے کہ اس نے سند یا متن میں غلطی کی ہے، یعنی وہ دوسروں کی مخالفت کرتا ہے، یا اس سے بیان کرتے ہوئے راویان مضطرب ہیں تو ایسی سند دوسری سند سے مل کر تقویت حاصل نہیں کر سکتی، اسے تطبیقی انداز میں یوں سمجھا جا سکتا ہے۔