کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 99
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ کی یہ کتاب سب سے پہلے مکتبہ سلفیہ، شیش محل روڈ لاہور سے شائع ہوئی تھی۔ مکتبہ سلفیہ شیش محل روڈ، لاہور کے مدیر، مشہور اہل حدیث عالم حضرت مولانا محمد عطاءاللہ حنیف رحمہ اللہ تھے۔ انہوں نے کتاب ھذا کے دیباچہ میں تحریر کیا تھا کہ نمازکے موضوع پر بہت سی کتابیں دستیاب ہیں اور اتنے بڑے عالم کے ایک عام موضوع پر اظہار خیال کی مجھے سمجھ نہیں آتی تھی۔ مگر جب کتاب کا مسودہ دیکھا تو میں تحقیق کی ندرت پر حیران رہ گیا۔ اس موضوع پر اس قسم کی تفاصیل پہلے کبھی منظر عام پر نہ آئیں تھیں۔ [1] نماز کے مسائل بیان کرنے سے پہلے مولانا نے کتاب الطہارۃ کے عنوان سے پانی کے متعلق بعض مسائل مثلاً غسل مسنون، غسل جنابت، شرعی نجاست، بدن اور اس کی حدود، قضائے حاجت کے آداب اور استنجاء کا طریقہ اور وضو کے مسائل قرآن و سنت کی روشنی میں بیان کیے ہیں اور ہر جگہ قرآن و سنت کے حوالہ جات تحریر فرمائے ہیں۔ کتاب کے دوسرے باب میں کتاب الصلوٰۃ کے عنوان سے مولانا نے نماز کی فرضیت کے متعلق احادیث تحریر فرمائی ہیں اور ترک نمازکے بارے میں اقوال ائمہ درج کیے ہیں۔ اس کے بعد آذان اور اقامت کے بارے میں ذکر فرمایا ہے اور اقامت کے اکہرا ہونے پر محدثین کی آرا نقل فرمائی ہیں۔ آذان میں تشویب یعنی فجر کی آذان ’’الصلوٰۃ خیر من النوم‘‘ کے متعلق ایک چارٹ دیا ہے کہ مختلف اوقات میں اس میں کیا کمی بیشی ہوتی رہی ہے۔ پھر نماز باجماعت کی اہمیت کے بارے میں بعض احادیث درج کی گئی ہیں اور امام کے انتخاب کے بارے میں درمختار کے حوالے سے بھی بعض خصوصیات کا ذکر کیا گیا ہے جن کا امام ہی ہونا مستحسن ہے۔ اسی باب میں آپ نے صف بندی کی حکمت، نماز میں امام کی اقتدا، جلسہ استراحت، رفع یدین کے بارے میں دیوبندی نقطہ نظر مولانا محمود الحسن رحمہ اللہ اور حضرت مولانا انور شاہ کاشمیری کی توجیہات بیان کر کے محدثین کی آرا کے ساتھ ان کا تقابل کیا ہے اور آخر میں حضرت مولانا عبدالحی لکھنوی رحمہ اللہ کا قول فیصل نقل فرمایا ہے کہ حدیث سے رفع الیدین کا نسخ ثابت نہیں۔ نماز میں
[1] دیباچہ کتاب ھذا از مولانا عطاءاللہ حنیفؒ ص 1