کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 76
ہفت روزہ الاعتصام کا اجرا 1949ء میں یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ جماعت کا ایک ترجمان اخبار شائع ہونا چاہیے۔ لہٰذا اس سلسلہ میں لاہور میں چند بزرگوں کا اجتماع ہوا۔ اس اجتماع کے محرک حضرات مولانا محمد اسماعیل آف گوجرانوالہ تھے اس اجتماع میں سید داؤد غزنوی رحمہ اللہ ۔ مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ ۔ اور مولانا عطاءاللہ حنیف بھی شامل تھے۔ حسن اتفاق سے مولانا عطاءاللہ حنیف الاعتصام کا ڈیکلریشن حاصل کر چکے تھے۔ مولانا عطاءاللہ کی اجازت سے حضرت مولانا نے جمعیت اہل حدیث گوجرانوالہ کے زیر انتظام الاعتصام شائع کرنا شروع کر دیا۔ [1] حضرت مولانا سلفی نے مولانا عطاءاللہ حنیف سے درخواست کر کے الاعتصام کو مرکزی جمعیت اہل حدیث کے لیے حاصل کر لیا۔ اس جریدے کا مرکزی دفتر گوجرانوالہ میں قائم کیا گیا، مولانا حنیف ندوی اس کے ایڈیٹر مقرر ہوئے اور مولانا عطاءاللہ حنیف ناشر، سرپرستی حضرت سلفی فرماتے رہے۔ فکر انگیز مضامین، دلفروز اداریوں اور جماعتی افکار و اخبار کے لحاظ سے یہ جریدہ جلد ہی میدان صحافت میں ایک اعلیٰ مقام کا حامل ہو گیا۔ جماعت اہل حدیث کے مشہور عالم و مورخ جناب مولانا ابو یحيٰ امام خان نوشہروی نے تحریر کیا تھا کہ الاعتصام کے ارکان اربعہ حسب ذیل بزرگ ہیں جن کی بدولت اس جریدہ کو شہرت دوام حاصل ہو رہی ہے۔ رکن اول جناب قاضی عبدالرحیم صاحب مرحوم و مغفور، رکن دوم حضرت مولاناسلفی رحمہ اللہ رکن سوم مولانا عطاءاللہ حنیف، رکن چہارم مولانا محمد حنیف ندوی۔ الغرض اس عظیم الشان جریدہ کے اجرا کے بعد اس کی بقا بھی حضرت سلفی رحمہ اللہ کا کارنامہ ہے۔ [2]
[1] تاریخ اہل حدیث گوجرانوالہ مرتبہ بابا عبداللہ اہل حدیث ص 60 [2] (۔ الاعتصام (مولانا حنیف ندویؒ نمبر) ص 6تا 8