کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 74
مکتوب بنام مولانا عبدالجلیل رحمانی صاحب منجانب محمد اسماعیل خطیب جامع مسجد اہل حدیث۔ چاہ شاہاں، گوجرانوالہ تاریخ 68۔ 12۔ 1 مولانا محترم السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ! مزاج گرامی، مکتوب گرامی مدت مدید کے بعد ملا۔ خیال تھا کہ جواب ذرا سوچ کر دوں گا، زیرِ غور ڈاک میں رکھا اور بھول گیا۔ رمضان میں ایسے بھی مشاغل کا اژدحام ہوتا ہے۔ جامعہ سلفیہ کے لیے مالی اعانت کا موسم ہوتا ہے۔ کئی دن کے بعد خیال آیا تو مکتوب ناپید تھا۔ اور جواب کا عنوان نا معلوم۔ کئی دن کی تلاش کے بعد مکتوب گرامی ملا۔ کانفرنس کے نظام کی اصلاح کے متعلق آپ حضرات نے جو محنت فرمائی ہے اس کا علم اسبوعی اخبارات سے بھی کچھ ہوتا رہا۔ کچھ رفقاء کی نجی ڈاک سے بھی پتہ چلتا رہا۔ اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو اس محنت کا اجر عطا فرمائے۔ آپ نے جماعت کو ایک راہ پر لاکھڑا کیا ہے۔ اب مقاصد تک پہنچنا ارباب ہمت کا کام ہے۔ اب جنام کے ہاں امارت یا امامت کا جھنجٹ تو نہیں ہوگا۔ اگر ممکن ہو تو دارلعلوم کا نصاب اور اپنے دستور کی ایک کاپی ارسال فرما دیں۔ ہم اپنے دستور پر مکرر غور کر رہے ہیں۔ ہو سکے تو جلدی ارسال فرمائیں معلوم نہیں جناب کے ہاں الاعتصام جاتا ہے یا نہیں۔ اگر مناسب مواقع ہوں جہاں اخبار مفید ہو سکے تو مطلع فرمائیں۔ کوشش کر کے بھجوا دیا جائے۔ آپ حضرات کی زیارت کے لیے طبیعت بے تاب ہے۔ آرزو ہے کہ یہ طویل غیوبہ جزوی شہود سے ہم کنار ہو۔ مگر فنی رکاوٹیں اور کچھ پرانے معاصی اس راہ میں حائل ہیں۔ متعدد دفعہ پاسپورٹ کے لیے کوشش کی کامیابی نہیں ہو سکی۔ اب پھر تعمیل ارشاد کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ مگر کامیابی کی امید موہوم ہے۔ دونوں منطقوں میں کچھ اس قسم کی مشکلات ہیں کہ مہینوں