کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 153
کے مختصر حالات تو گزشتہ صفحات میں پیش کیے جا چکے ہیں۔ اب ذیل میں نہایت اختصار کے ساتھ حضرت سلفی رحمہ اللہ کے ان شاگردوں کے حالات پیش کیے جا رہے ہیں جو کسی تنظیمی سرگرمی یا خطابت کی مسند پر جلوہ آرا ہیں۔ مولانا حافظ قاری محمد اسماعیل اسد (فاضل درس نظامی۔ فاضل عربی۔ حکیم حاذق) حضرت مولانا قاری اسد صاحب عرصہ دراز تک جامع مسجد اہل حدیث پل ایک سیالکوٹ میں خطابت کے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ مولانا ابورضا ثناءاللہ ربانی مولانا ربانی بھی حضرت سلفی کے تلامذہ میں سے ہیں اور مسجد مدنی(اہلحدیث) فیروزوالہ روڈ گوجرانوالہ میں خطیب کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مولانا محمد حنیف یزدانی مولانا یزدانی بڑی فاضل شخصیت تھے،آپ مکتبہ نذیریہ علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے مہتمم اور بڑی علمی کتابوں کی اشاعت کی سعادت حاصل کی تھی۔ آپ جامع مسجد’’قبا‘‘ لاہور کے خطیب بھی رہے۔ مولانا حافظ سیف الرحمٰن الفلاح آپ فاضل درس نظامی اور فاضل عربی تھے۔ بڑے متین اور خوش گفتار خطیب اور مرکزۃ الدعوۃ الاسلامیہ۔ اوکاڑہ کے مدیر بھی تھے۔ مولانا ابوالسلام محمد صدیق رحمہ اللہ حضرت مولانا محمد صدیق بھی حضرت سلفی رحمہ اللہ کے ارشد تلامذہ میں سے تھے۔ آپ جامع مسجد سٹیلائٹ ٹاؤن سرگودھا میں خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے رہے ہیں۔ نیز آپ جامعہ علمیہ سرگودھا کے رئیس اور شیخ الحدیث بھی رہے۔۔ اس کے علاوہ آپ قومی کمیٹی برائے دینی مدارس پاکستان کے رکن بھی تھے۔ افتاء ان کا خاص موضوع اور علم وراثت میں ان کو خصوصی مہارت تھی۔