کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 149
مولانا حافظ عبدالمنان نور پوری (فاضل درس نظامی۔ فاضل عربی۔ استاذ جامعہ محمدیہ۔ گوجرانوالہ) ولادت : 1944ء بمطابق 1363ھ۔ موضع نور پور چھل، حافظ آباد روڈ، گوجرانوالہ) تعلیم مولانا عبدالمنان نور پوری پرائمری پاس کرنے کے بعد جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ میں داخل ہوئے۔ والدین نے آپ کا نام خوشی محمد رکھا تھا۔ ان کا تقویٰ، ذہانت و متانت دیکھ کر حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ نے ان کا نام اپنے استاد گرامی حضرت حافظ عبدالمنان وزیرآبادی کے نام پر رکھ دیا۔ آپ حافظ صاحب کو مخاطب کر کے فرمایا کرتے تھے کہ میں نے تیرا نام اپنے شیخ کے نام پر رکھ دیا ہے۔ حافظ عبدالمنان صاحب نے مندرجہ ذیل شیوخ سے کسب فیض کیا ہے۔ (1)شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ ۔ (2) حضرت العلام حافظ محمد عبداللہ روپڑی رحمہ اللہ (3) شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحمیدہزاروی (4) حضرت مولانا عزیز الرحمٰن (5) علامہ حافظ احسان الہٰی ظہیر (6) خواجہ عبدالمنان راز کشمیری۔ سند فراغت حاصل کرنے کے بعد آپ جامعہ محمدیہ میں منصب تدریس پر فائز ہو گئے اور تا حال اسی مدرسہ میں خدمت دین میں مصروف ہیں۔ شیخ العرب و العجم حضرت حافظ محمد گوندلوی رحمہ اللہ کے بعد تدریس بخاری پر آپ مامور ہیں اور علم و عرفان کے موتی بکھیر رہے ہیں۔ زہد و تقویٰ میں آپ قرون اولیٰ کے مسلمانوں کے نقشِ قدم پر ہیں۔ جہاد افغانستان میں شرکت کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ تصانیف و تالیفات حافظ صاحب کو اللہ نے بڑی خوبیوں سے نوازا ہے۔ آپ صاحبِ علم بھی ہیں اور درج ذیل تصانیف و تالیفات ان کا شاہکار ہیں۔ (1)نخبۃ الاصول (2) اجادۃ القریٰ لاثبات الجمعۃ فی القریٰ (3) تحقیق التراویح (4) ارشاد القاری الی نقد فیض الباری۔ [1]
[1] تذکرہ علمائےاہل حدیث ج دوم ص464