کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 148
مولانا محمد خالد گرجاکھی (فاضل درس نظامی،مدیر ادارہ احیاء السنہ،گرجاکھ۔ ضلع گوجرانوالہ) حضرت مولانا محمد خالد موضع گرجاکھ ضلع گوجرانوالہ کے ایک نامور اہل حدیث مناظر حضرت مولانا نور حسین گرجاکھی کے فرزند ارجمند ہیں۔ آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے والد گرامی سے حاصل کی اور بعد ازاں جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ میں داخل ہو گئے۔ آپ نے جملہ علوم و فنون کی تکمیل شیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ اور شیخ الکل حضرت حافظ محمد گوندلوی کی زیر نگرانی کی۔ آپ1941ء میں فارغ التحصیل ہوئے۔ 1951ء میں آپ کے والد گرامی کا انتقال ہوا۔ آپ اسی وقت سے درس و تدریس اور تبلیغ و اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ مولانا محمد خالد بڑی فعال شخصیت ہیں۔ جمعیت اہل حدیث کے مرکزی راہنما ہیں۔ آپ کا تحریک مجاہدین افغانستان سے بھی خاص تعلق ہے۔ تصانیف و تالیفات وعظ و تبلیغ کے ساتھ ساتھ آپ صاحبِ قلم بھی ہیں۔ آپ کی تصانیف کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ تاہم چند اہم تصانیف کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔ (1)سیرۃ الاخوین (حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سوانح حیات) (2) کتاب التوحید (3) اتباع سنت (4) تعلیمی کیلنڈر (5) سیرت المجاہدین (حضرت مولانا فضل الہٰی وزیرآبادی اور ان کے مجاہد ساتھیوں کی سرگزشت)دو جلدوں میں (6) صلوٰۃ النبی۔ نماز کے مسائل پر ایک جامع کتاب۔ (7) المثقیٰ۔۔۔ تلخیص منہاج السنۃ النبویہ امام ابن تیمیہ کا اردو ترجمہ۔ [1]
[1] تذکرہ علمائےاہل حدیث ج دوم ص67۔ 266