کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 146
شیخ الحدیث مولانا محمد عبداللہ فاضل درس نظامی،منشی فاضل،مولوی فاضل، فاضل کوئٹہ اکیڈیمی(محکمہ اوقاف) (سابق امیر جمعیت اہل حدیث پاکستان) شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ صاحب کی تاریخ ولادت 18/مارچ1920ء ہے آپ کا آبائی قصبہ چک نمبر 16 جنوبی تحصیل بھلوال ضلع سرگودھاہے۔ تعلیم مولانا موصوف نے 1933ء میں مقامی سکول سے مڈل کا امتحان پاس کیا پھر دینی تعلیم کے حصول کے لیے مصروف ہو گئے۔ 1934ء میں مدرسہ محمدیہ گوجرانوالہ میں داخلہ لیا اور 1941ءمیں سند فراغت حاصل کی۔ آپ نے بلوغ المرام،مشکوٰۃ ، مؤطا امام مالک، ہدایہ، شرح وقایہ،مسلم الثبوت، شرح جامی، اشارات کافیہ اور صحیح بخاری فضیلت مآب حضرت مولانا حافظ محمد گوندلوی رحمہ اللہ سے پڑھیں اور ترمذی، نسائی، ابوداؤد، مسلم شریف مختصر المعانی اور مطول شیخ الحدیث حضرت سلفی رحمہ اللہ سے پڑھیں۔ آپ نے تدریس اور خطاب جمعہ کا سلسلہ 1942ء سے شروع کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ جامع مسجددال بازار گوجرانوالہ میں درس قرآن کا سلسلہ بھی شروع کیا۔ یہ تمام سلسلے الحمدللہ ایک عرصہ جاری رہے۔ مولانا عموماً پنجابی میں وعظ فرماتے تھے۔ آپ کا بیان کرنے کا انداز عام فہم، پرمغز، مدلل،موثر اور دلنشین ہوتا تھا۔ دوران درس آپ واقعات کا پس منظر اور پیش منظر اس انداز سے پیش کرتے کہ ہر چیز ذہن نشین ہو جاتی تھی۔ مولانا کے خطاب کی اہم ترین خوبی یہ تھی کہ وہ موضوع کی مناسبت سے کسی پہلو کو تشنہ نہیں چھوڑتے تھے۔ دورانِ سماعت جو اعتراضات یا اشکال پیدا ہوئے وہ خود بخود حل ہوتے چلے جاتے۔ آپ کے درس میں ہر شخص ہمہ تن گوش اور محو استعجاب ہوتا تھا۔ آپ کے خطباتِ جمعہ اور دروس سے طلباء اساتذہ اور عام لوگ یکساں مستفید ہوتے تھے۔