کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 125
حضرت سلفی رحمہ اللہ کی کتابوں کے عربی تراجم تفسیر قرآن مجید کے بعد حضرت کا پسندیدہ موضوع حدیث، حجیت حدیث، تدوین حدیث اور محدثین کرام کے کارنامے تھا۔ اسی بنا پر حضرت مولانا کو محدثین کرام اور مسلک اہل حدیث سے محبت تھی۔ حضرت کی اکثر تالیفات چونکہ عالمانہ، محققانہ اور مدلل ہوتی ہیں۔ اسی وجہ سے بعض عرب شیوخ نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ایسی نابغہ روزگار شخصیت کی کتب کا عربی میں ترجمہ ہونا چاہیے تھا تاکہ عرب دنیا بھی آپ سے استفادہ کر سکے۔ ویسےبھی کویت،سعودی عرب اور یمن کے علاقوں میں سلفیت کا غلبہ ہے۔ اس وجہ سے بھی وہ چاہتے تھے کہ ایک صحیح العقیدہ سلفی عالم کا ورثہ عالم عرب کی طرف بھی منتقل ہونا چاہیے۔ چنانچہ ہندوستان کے دو معروف عربی زبان و ادب کے ادیبوں نے مولانا کی حسب ذیل کتابوں کا عربی زبان میں ترجمہ کیا ہے۔ حضرت مولانا کی یہ کتب مطالعہ دارالسیاسۃ الکویت کی طرف سے شائع کیے گئے ہیں۔ (1) جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث،ایک تنقیدی جائزہ،اس کتاب کی تعریف و تقدیم و تعلیق صلاح الدین مقبول احمد نے کی ہے اور عربی میں اس کا نام ’’موقف الجماعۃ الاسلامیہ من الحدیث النبوی‘‘ دراستہ نقدیہ مسلک الاعتدال للشیخ المودودی۔ (2) تحریک آزادی فکر و شاہ ولی اللہ کی تجدیدی مساعی، اسی کتاب کی تعریف ڈاکٹر مقتدیٰ حسن الازہری نے کی ہے اور عربی نام’’حرکۃ الاطلاق الفکری و جہود الشاہ ولی اللہ فی التجدید‘‘ رکھا ہے۔ (3)رسالہ حیاۃ النبی کی تعریف ہو چکی ہے اور مترجم و کتور مقتدیٰ حسن ازہری ہیں، اس کتاب کانام’’رسالۃ فی مسألۃ حیاۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم ہے‘‘ (4) مولانا کی کتاب زیارت قبور کتاب و سنت کی روشنی میں۔ اس کا عربی میں ترجمہ ڈاکٹر مقتدیٰ حسن ازہری نے کیا ہے اور یہ کویت میں چھپی ہے۔