کتاب: مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ - صفحہ 118
امام بخاری رحمہ اللہ کا مسلک دنیاجانتی ہے کہ اس عالم رنگ و بواور کارخانہ ہست و بود اور تختہ زمین پر قرآن حکیم کے بعد سب سے اصح، قابل اعتماد اور موثق ترین کتاب جامع صحیح بخاری ہے۔ تمام امت بلاامتیاز مسلک اور افکار و خیالات اس کی صحت، ثقاہت، حجیت اور جامعیت کو تسلیم کرتی ہے مگر بعض حلقوں کی طرف سے صحیح بخاری کی شرعی حیثیت کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جامد تقلید کے بعض مدعی بھی حضرت امام بخاری پر مشق ستم فرماتے ہیں اور منکرین حدیث جنہیں منکرین رسالت کہنا چاہیے وہ بھی امام بخاری رحمہ اللہ کے خلاف برسنا ضروری خیال کرتے ہیں۔ ان حالات میں وابستگان مسلک اہل حدیث کا عین فریضہ ہو جاتا ہے کہ مسلک امام بخاری رحمہ اللہ کو واضح طور پر علمی دنیا میں پیش کریں۔ چنانچہ حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ نے امام بخاری رحمہ اللہ کے دفاع میں یہ مقالہ سپرد قلم کر کے جماعت اہل حدیث کی طرف سے فرض کفایہ ادا کر دیا ہے۔ [1] امام محمد بن اسماعیل بخاری اقلیم علوم تقلیہ و عقلیہ کے شاہنشاہ اعظم، آسمان اجتہاد کے آفتاب و ماہتاب اور درخشندہ ستارے اور حفاظت حدیث کے شاہسوار ہیں۔ آپ کو خاتمۃ المحدثین اور آیت من آیات اللہ کہا گیا ہے اور غیر مسلم مستشرقین بھی آپ کی عظمت اور جلالت علمی کے معترف ہیں۔ اس کتاب میں مولانا سلفی رحمہ اللہ نے ایمان کے بارے میں خوارج، معتزلہ، مرجیہ، اور اہل سنت کے نظریات پر بھی بحث کی ہے اور امام بخاری رحمہ اللہ کا یہ مسلک بیان کیا ہے کہ ایمان عمل کے بغیر ناتمام ہے۔ توحید اور نبوت کو محض ایک نظریہ کے طور پر تسلیم کرنے کا کوئی مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔ دنیا میں کوئی مسلک بھی محض اقوال و نظریات سے زندہ نہیں رہ سکتا جب تک پوری زندگی کی تعبیر عملاً اس کے مطابق نہ ہو۔ [2] یہ وہی مشہوربحث ہے کہ ’’الایمان یزیدوینقص‘‘ جس کے بارے میں اکابر احناف اور امام بخاری رحمہ اللہ کے معتقدین کے مابین کئی مناظرے ہو چکے ہیں۔ مولانا نے بڑے لطیف مزاح میں یہ بات تحریر کی ہے کہ علامہ یمنی رحمہ اللہ سے حضرت مولانا احمد علی سہارنپوری رحمہ اللہ اور استاذ العلماء سید انور شاہ کاشمیری رحمہ اللہ تک نے یہ کوشش جاری رکھی ہوئی ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ کو حنفی بنا لیا جائے ورنہ صحیح بخاری تو کم از کم ضرور حنفی ہو جائے۔ لیکن علمی حلقے خوب جانتے ہیں کہ نہ صحیح بخاری حنفی ہو سکی اور نہ امام بخاری رحمہ اللہ اپنے منصب سے نیچے آسکے۔ [3]
[1] مسلک امام بخاری پیش لفظ محمد اسلم سیف فیروز پوری ص 5 [2] ’’ ‘‘ ’’ ‘‘ ص 12۔ 11 [3] ۔ امام بخاریؒ کا مسلک ص : 22