کتاب: مولانا احمد دین گکھڑوی - صفحہ 36
پرمنتقل کر دیا گیا۔اس سے خوانندگانِ محترم ان شاء اللہ اپنے پسند کی تھوڑی بہت چیزیں حاصل کرسکیں گے۔ حکیم عتیق الرحمن اور ڈاکٹر محمد یوسف فاروق نے بھی بڑی مدد کی۔یہ دونوں بھائی ہمارے مخلص ترین عزیز دوست ہیں۔حکیم عتیق الرحمن اس سلسلے میں گکھڑ بھی گئے اور گوجراں والا کا چکر بھی لگایا اور بعض لوگوں سے ملاقات کی۔حکیم صاحب گوجراں والا جا کر مولانا محمد ابراہیم سے بھی ملے جو برادری میں مولانا احمد الدین کے بھتیجے ہیں۔مولانا ممدوح سے انھیں جو معلومات حاصل ہوئیں، وہ اس کتاب میں درج ہیں۔مولانااحمد الدین گکھڑوی کا رسالہ ’’قدامتِ اہلِ حدیث‘‘ بھی مجھے حکیم صاحب نے ارسال فرمایا۔دونوں بھائی حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی کے بھتیجے اور ہمارے مرحوم کرم فرما حکیم عبدالمجید صاحب کے فرزندانِ ذی قدرہیں۔ان کا ذکر آگے بھی آئے گا۔ مولانا احمد الدین کی تمام کتابیں حافظ محمد یوسف گکھڑوی مرحوم کے قائم کردہ سکول بک ڈپو گوجراں والا کی طرف سے شائع ہوئی تھیں۔ان کے صاحب زادہ گرامی جناب عطاء السلام صاحب سے ٹیلی فون پر بات ہوئی تو وہ 17 ستمبر2010ء کو لاہور تشریف لائے اور مجھے مولانا احمد الدین کی دو کتابوں(برہان الحق اور سیرت سید العالمین)کی فوٹو کاپیاں عنایت کیں۔اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ مولانا گکھڑوی کی ایک کتاب ’’فضائلِ سید المرسلین‘‘ ہے۔اس کی فوٹو کاپی مجھے گوجراں والا سے عزیزی شاہد فاروق ناگی نے بذریعہ ڈاک بھجوائی۔اللہ انھیں خوش رکھے۔جب بھی میں نے ان سے کوئی کتاب طلب کی، انھوں نے کسی نہ کسی طرح مہیا کردی۔جزاہ اللّٰه خیراً مولانا محمد یوسف انور(خطیب جامع مسجد اہلِ حدیث امین پور بازار فیصل آباد)