کتاب: مولانا احمد دین گکھڑوی - صفحہ 13
کتاب: مولانا احمد دین گکھڑوی
مصنف: محمد اسحاق بھٹی
پبلیشر: مکتبہ قدوسیہ،لاہور
ترجمہ:
پیش لفظ
(طبع دوم)
کتاب ’’مولانا احمد الدین گکھڑوی‘‘ پہلی مرتبہ2011ء میں مکتبہ قدوسیہ اردو بازار لاہور کی طرف سے شائع ہوئی تھی۔اس کے چند صفحات میں کچھ ایسی خرابی نے راہ پا لی تھی کہ حواشی اچھل کر متن میں جا گھسے تھے اور انھیں تلاش کرنا مشکل ہو گیا تھا۔یہ صفحات دوبارہ شائع کیے گئے، لیکن پھر بھی اس خرابی کے کچھ ناگوار اثرات باقی رہے، جنھوں نے قارئین کو پریشانی میں مبتلا کیے رکھا اور ہمیں شرمندگی میں۔تا ہم اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کتاب کا اولین ایڈیشن جلد ہی ختم ہو گیا تھا۔
اس کتاب کی تصنیف و اشاعت کا مرحلہ ہمارے دوست مولانا عارف جاوید محمدی(مقیم کویت)کی سعی و تحریک سے طے ہوا تھا۔وہ تقریباً ڈیڑھ سال سے مجھے کہہ رہے تھے کہ کتاب دوبارہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس میں کہیں اضافے یا کسی مقام پر وضاحت کی ضرورت ہے تو یہ کام کر لیا جائے، لیکن میں اپنی دو کتابوں ’’چمنستانِ حدیث‘‘ اور اس کے ساتھ ’’بوستانِ حدیث‘‘ کی تصنیف و ترتیب میں مصروف تھا۔اللہ نے کرم فرمایا کہ ’’چمنستانِ حدیث‘‘ بڑے سائز کے آٹھ سو سے زائد صفحات میں تکمیل کو پہنچی اور اس کی پروف خوانی کر کے اسے ناشر(مکتبہ قدوسیہ)کے حوالے کر دیا گیا۔یہ کتاب برصغیر کے ایک 100 مرحومین و موجودین علماے حدیث کے تذکار پر محیط ہے۔