کتاب: محدث شمارہ 7 - صفحہ 8
18)ارکان و عمال حکومت اور عام شہریوں کے لئے ایک ہی قانون و ضابطہ ہو گا اور دونوں پر عام عدالتیں ہی اس کو نافذ کریں گی۔
19)محکمہ عدلیہ محکمہ انتظامیہ سے علیحدہ اور آزاد ہو گا تاکہ عدلیہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہیئت انتظامیہ سے اثر پذیر نہ ہو۔
20)ایسے افکار و نظریات کی تبلیغ و اشاعت ممنوع ہو گی جو مملکت اسلامی کے اساسی اصول و مبادی کے انہدام کا باعث ہوں ۔
21)ملک کے مختلف ولایات و اقطاع مملکت واحدہ کے اجزاء انتظامی متصور ہوں گے۔ ان کی حیثیت نسلی، لسانی یا قبائلی واحدہ جات کی نہیں بلکہ محض انتظامی علاقوں کی ہو گی جنہیں انتظامی، سہولتوں کے پیشِ نظر مرکز کی سیادت کے تابع انتظامی اختیارات سپرد کرنا جائز ہو گا مگر انہیں مرکز سے علیحدگی کا حق حاصل نہ ہو گا۔
22)دستور کی کوئی ایسی تعبیر معتبر نہ ہو گی جو کتاب و سنت کے خلاف ہو۔
جمادی الاولیٰ و جمادی الاخریٰ
ان دونوں مہینوں کی فضیلت کے متعلق کوئی آیت یا حدیث نظر سے نہیں گزری جو عبادات عموماً سرانجام دی جاتی ہیں ، اس ماہ میں بھی ان عبادات پر متوجہ رہنا چاہئے۔
راقم الحروف کی پیدائش ۱۹ جمادی الاولیٰ ۱۲۲۸ھ بروز یکشنبہ ہوئی تھی، یک شنبہ کو لغت عرب میں یوم الاحد کہتے ہیں ، خدا کا شکر ہے کہ اس نے مجھے قُلْ ھُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ کا قائل پیدا کیا۔ میری پیدائش کا وقت اشراق کا تھا۔ خدائے پاک نے میرے سینۂ بے کینہ کو علم شرع و توحید کے آفتاب کا مشرق بنایا ہے۔ وللّٰه المنۃ۔
(منقول از:۔ اتباع الحسنہ فی جملہ ایام السنۃ، للعلامۃ السید محمد صدیق الحسن القنوجی رحمۃ اللہ علیہ)