کتاب: محدث شمارہ 6 - صفحہ 11
یہ ہے اجمالی نقشہ ہماری تعلیم اور ہمارے موجودہ تعلیمی نصاب کا، اور اس کے ذریعہ نونہالان ملت کے سیرت و کردار کا آپ خود ہی اندازہ لگا لیں کہ قوم و ملت اور مذہب کا مآل کیا ہونے والا ہے۔ مجھے تو بار بار حضرت اکبر الٰہ آبادی کا وہ شعر یاد آتا ہے۔ ؎
یوں قتل سے بچوں کے وہ بدنام نہ ہوتا
افسوس کہ فرعون کو کالج کی نہ سوجھی!
(عبد الغفار اثرؔ)
طلبہ کے لئے خوشخبری
موجودہ دور میں دینی مدارس میں کتاب و سنت کی تعلیم کے ساتھ عصری علوم کی جس شدت سے ضرورت محسوس کی جا رہی ہے، وہ اصحاب علم و بصیرت سے مخفی نہیں، اسی مقصد کے پیش نظر چند سال قبل علما و ماہرین تعلیم کے گزشتہ ستر، اسی سالہ اصلاحی تجاویز کی روشنی میں ایک تعلیمی و تربیتی منصوبہ تیار کیا گیا اور مدرسہ رحمانیہ گارڈن ٹاؤن لاہور میں اس کی ابتدا کی گئی، جس سے بفضلہ تعالیٰ دو سال کے قلیل عرصہ میں بہترین نتائج نکلے ہیں۔ امسال چار طلبہ نے دینی علم کے ساتھ مڈل کا امتحان اور تین نے میٹرک کا امتحان بورڈ سے دیا ہے۔ ہمارا مقصد ایسے علما تیار کرنا ہے جو کتاب و سنت کی تعلیمات کو عصر حاضر کے تقاضاؤں کے مطابق پیش کر کے اسلام کو مکمل ضابطۂ حیات کے طور پر رائج کر سکیں۔
مدرسہ کے نصاب تعلیم میں تخفیف کیساتھ اس بات کا خصوصی لحاظ رکھا گیا ہے کہ جملہ علوم کی تعلیم معیاری ہو، اس کے لئے علوم کو تین حصوں میں تقسیم کر کے تعلیمی اوقات کی تین شفٹیں بنا دی گئی ہیں یعنی دینی علوم (صبح ۳ گھنٹے) عربی علوم (دوپہر ۲ گھنٹے) عصری علوم (سہ پہر ۲ گھنٹے) اسی طرح قابل، کہنہ مشق، دینی اور دنیاوی علوم کے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مندرجہ ذیل علما مولانا حافظ عبد الرحمن مدنیؔ کے زیر نگرانی تدریسی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
حافظ ثنا اللہ صاحب کلسوی فاضل مدنیؔ، مولانا عبد السلام صاحب کیلانی فاضل مدنیؔ، شیخ مزمل احسن ایم اے۔ بی ایڈ، مولانا لیاقت صاحب بی ایس سی۔ بی ایڈ۔
دیندار اور محنتی طلبا کیلئے یہ ایک قیمتی موقعہ ہے، مدرسہ میں ۱۵ جون ۷۱ تا ۱۵ جولائی تعطیلات گرما ہونگی، جس کے دوران داخلہ جاری رہیگا۔ پرائمری پاس اور مڈل پاس طلبہ، کیلئے خصوصی موقعہ ہے۔ مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ قائم کریں۔
حافظ عبد اللہ (روپڑی) مدرسہ رحمانیہ (رجسٹرڈ) گارڈن ٹاؤن لاہور (۱۶)