کتاب: محدث شمارہ 46 - صفحہ 20
السنۃ والحدیث
عالمِ اسلام کے سیاسی سربراہوں کے نام
(قسط ۱)
فروری ۱۹۷۲ء میں عالمِ اسلام کے سیاسی رہنما اور حکمران پاکستان میں تشریف لائے تو ملک کے اطراف و اکناف سے ان کے نام ’’پیغامات تہنیت‘‘ کے ہدیے پیش کئے گئے تھے۔ لیکن ہم نے سچی خیر خواہی کے جذبے سے ان کی خدمت میں اس کے بجائے رسول رب العلمین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ان پیغاماتِ عالیہ کا ہدیہ پیش کیا تھا، جو عالم اسلام کے ان سربراہانِ مملکت کو ’’دعوتِ مطالعہ‘‘ دیتے ہیں۔ کیونکہ ہمارے نزدیک اس سے بڑھ کر ان کے لئے اور کوئی نذرانۂ عقیدت نہیں تھا۔
ماہنامہ محدث کے مدیر شہیر جناب مولانا حافظ عبد الرحمٰن مدنی کی خواہش پر آج ہم ان کو معمولی سی ترمیم اور حک و اضافہ کے ساتھ مکرر بہ ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ یہ ترجمہ، ترجمہ کے بجائے ترجمانی تصور فرمائیں۔ یہاں ہر حدیث کے ذیل میں ہم نے مختصر سے تشریحی نوٹ بھی دے دیئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے!
عزیزی زبیدی۔ واربرٹن
وقت کے خلفاء اور سلاطین کے نام
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چالیس حدیثوں کا پیام
ہم نے اپنے معزز مہمانوں یعنی عالمِ اسلام کے سلاطین اور بادشاہوں کے لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں سے چالیس حدیثیں جمع کی ہیں، یہ ان کے لئے حجت اور دلائل و براہین ہیں جو سیدھی راہ چلنا چاہتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے ہماری درخواست ہے کہ وہ ہمیں اور ان کو ان سے استفادہ کرنے کی توفیق دے بے شک وہ رؤف اور رحیم ہے۔