کتاب: محدث شمارہ 45 - صفحہ 27
۱۰۔ جو بھی نافرمانی ہوتی ہے اس سے خدا کا کچھ نہیں بگڑتا ، انسان کا اپنا ہی بگڑتا ہے۔ (فتکونا من الظلمین)اس پر اسے تھامنے اور سنبھلنے کے مواقع مہیا فرماتا ہے (فتلقیٰ آدم)بالکل اسی طرح جس طرح ماں باپ اپنے بچے سے معاملہ کرتے ہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر (التواب الرحیم)
۱۱۔ جو دعائیں یااعمال خود خدا نے ہمارے لیے تجویز فرمائے ہیں ، شرف قبولیت کا حتمی او ر یقینی ذریعہ بھی صرف وہی ہیں ، باقی سب تیر اور تکے ہیں ، اس لیے ان میں طبع زاد ٹانکوں سے پرہیز کیا جائے ورنہ آپ کا مستقبل آپ کے لیے آپ کے حسب منشاء یقینی نہیں رہے گا۔
۱۲۔ میخا نہ ہو یا مسجد ، مکہ مدینہ ہو یا پیکنک او رلینن گراڈ شیطان ہر جگہ مارکرسکتا ہے ، اس لیے کسی بھی وقت اور جگہ اس سے بے فکر نہیں ہونا چاہیے۔ دیکھئے ! اس نے بہشت جیسی عصمت مآب جگہ پر بھی مار کی ، نماز میں آکر خراب کرنا اس کا معمول ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ہم اس سے پناہ چاہتے ہیں ۔
٭٭٭
سیرت خیر البشر آیات قرآن مجید
عقل ہے دیوانہ محبوب رب العالمین ہوش ہے وارفتہ انفاس ختم المرسلین
سیرت خیر البشر آیات قرآن مجید نقش پائے رہبر عالم ہدی للمتقین
ذکر و فکر سرور کونین عیش دو جہاں الفت شاہ دو عالم دولت دنیا و دیں
گنج قاروں ، ملک دارا، تاج خسرو، جام جم شاہ یثرب کے غلاموں کی نظر میں کچھ نہیں
سیرت پاک محمد علیہ السلام شارح خلق عظیم صورت زیبائے احمد مظہر نور مبیں
دیکھنا پہنچے کہاں ، فخر نبوت کے قدم تھے جہاں عاجز پرو بازوئے جبریل امیں
چھا رہا ہے ابر عصیاں فیہ ظلمات برق ہاتھ سے چھوٹے نہ دامان شفیع المذنبیں
ہے بہار گلشن توحید میلاد رسول اہل ایماں کے لیے گلبانگ ننجی المومنیں
ناز کرتا ہوں ، میں احسن کفر بالطاغوت پر مجھ کو احساس خودی ہے لا احب الآفلین
منظور احسن عباسی