کتاب: محدث شمارہ 44 - صفحہ 44
تعارف و تبصرہ کتب
تذکرہ مصنفین درسِ نظامی : مرتب جناب اختر راہی ایم اے لیکچرار گورنمنٹ کالج، مری
صفحات : ۲۷۲
قیمت معہ خرچہ ڈاک : ۲.۹۰ روپے
پتہ : مسلم اکادمی ۱۸/۲۹ محمد نگر، لاہور
آج سے سولہ سترہ سال پیشتر، جامعہ چشتیہ ٹرسٹ لائل پور کے تحت ’’مدارس عربیہ اسلامیہ مغربی پاکستان‘‘ کی تاریخ مدون کی گئی تھی۔ ’’مدارس عربیہ اسلامیہ مغربی پاکستان‘‘ میں درس نظامی کے سلسلے کی دوسری اکثر تفصیلات دی گئی تھیں مگر درس نظامی کے مؤلفین کا تذکرہ پیش نہیں کیا جا سکا تھا۔ اور یہ کمی خاصی تھی، اللہ تعالیٰ جنابِ اختر راہی کو اجر جزیل عنایت فرمائے جنہوں نے مندرجہ بالا تذکرہ لکھ کر اس کمی کو پورا کر دیا ہے اور پھر اس کا حق ادا کر دیا ہے۔
فاضل مرتب ایک اہل علم اور باذوق نوجوان ہیں ، جن کو ’’سیرِ رجال‘‘ سے بالخصوص طبعی مناسبت ہے، قلم میں اختصار کے ساتھ ساتھ بڑی جامعیت اور گہرائی ہوتی ہے اور جو لکھتے ہیں اس کے لئے خصوصی محنت اور مناسب اہتمام فرماتے ہیں ، اس کا اندازہ اس لئے آسانی کے ساتھ کیا جا سکتا ہے کہ فاضل مرتب نے زیرِ تبصرہ کتاب کی تدوین میں (۸۲)کتب خانوں کتب، مخطوطوں اور سات (۷)جرائد (کل ۸۹)ذرائع سے مدد لی ہے۔ اس مختصر سی کتاب میں مؤلف موصوف نے ۶۹ سے زیادہ مؤلّفین اور سینکڑوں تالیفات کا تعارف پیش کیا ہے۔ اس کے بعض مقامات تو انتہائی وجد آفرین اور بصیرت افروز ہیں ۔
جو درس نظامی ملا نظام الدین سہالوی (ف ۱۱۶۱ھ/۱۷۴۸ء)رحمۃ اللہ علیہ نے ترتیب دیا تھا، زیر تبصرہ تذکرہ میں اس سے کہیں زیادہ مؤلفین اور مؤلفات کا ذکر آگیا ہے۔ بلکہ یوں تصور کیجئے کہ زمانۂ حال تک کم و بیش جو بھی کتاب داخلِ درس رہی ہے، ان سب کا ذکرِ خیر