کتاب: محدث شمارہ 42 - صفحہ 11
کتے کے پینے والے پیالے کا بھی تاوان ادا کیا۔ حتّٰی میلغۃ الکلاب (سیرت جلببہ ص ۲۲۳ /ج۳)آپ اپنی جان تک لوگوں کے پیش کیا کرتے تھے کہ یہاں بدلہ لے لو۔ جس اسلام میں یہ احتیاط اور جان آفرینی ہو، اس کی برکات سے کسبِ فیض نہ کرنا بڑی محرومی ہے۔
متحدہ جمہوری محاذ کا ملک گیر کنونشن
متحدہ جمہوری محاذ کے زیرِ اہتمام کل پاکستان قومی کنونشن ۱۴؍ اور ۱۵؍ جون کو لاہور میں منعقد ہوا۔ اس کنونشن میں چاروں صوبوں کے ہزاروں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس میں متعدد پروگرام مرتب کئے گئے اور کئی ایک قرار دادیں پاس ہوئیں ! مختلف جماعتوں اور مختلف صوبوں سے آئے ہوئے سیاسی رہنماؤں نے جو تقریریں کیں ، ان میں خدشات، شکایات اور اربابِ اقتدار کی کجروی کا اظہار تھا اور قومی کنونشن سے واضح اور ٹھوس لائحہ عمل کے مطالبے تھے۔
کشمیر کے سلسلے میں بالخصوص معنی خیز تبصرے اور انکشاف کئے گئے اور سردار عبد القیوم کی جبری علیحدگی پر خاص طور پر حکومت کی نکتہ چینی کی گئی۔
اس کنونشن میں ایک مقرر نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ لوگ پوچھتے ہیں ، بھٹو کے بعد کون؟ اس لئے کنونشن کو عبوری کابینہ کا اعلان بھی کرنا چاہئے، اس سے عوام میں اعتماد بحال ہو سکتا ہے اور یہ بھی بتایا جا سکے گا کہ متحدہ محاذ کے پاس متبادل قیادت موجود ہے۔ الغرض ہر مقرر نے دل کھول کر اپنا ما فی الضمیر پیش کیا۔
اس کنونشن میں خاص جوش اور گرمی تھی اور انتہائی اعتماد پایا جاتا تھا۔ اس کنونشن کا یہ پہلو بالخصوص جاذب تھا کہ، مختلف نظریات و افکار کی حامل جماعتیں اور افراد یکجا جمع تھے۔ اور اس یک جہتی کی چاشنی سے سب شاد کام نظر آتے تھے۔ ہمارے نزدیک اپوزیشن کی کامیابی کے لئے اسے بنیادی حیثیت حاصل ہے اور یہ ایک نیک شگون ہے۔ بہتر ہے کہ یہ جماعتیں اسی سیاسی مفاہمت کو ملی وحدت میں تبدیل کر دیں کیونکہ سب کے سامنے ملک و ملت اور دین کی خدمت ہے۔
متحدہ جمہوری محاذ کو اس قومی کنونشن کے کامیاب انعقاد پر ہم ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ وہ ملک و ملت اور دین برحق کی صحیح خدمت کر پائیں ۔