کتاب: محدث شمارہ 38 - صفحہ 33
قرآن اور احادیثِ صحیحہ کی رُو سے آل جزو محمد مصطفیٰ ہے۔۔۔۔ اسی لئے قرآن حکیم میں آیت درود میں یصلون علی النبی آیا ہے یصلون علی نبی نہیں آیا۔ یعنی (الف لام) جنسی آیا ہے یعنی نبی اور اس کے ہم جنس پر درود ہے۔ (معارفِ اسلام جون ۱۹۷۳ء، ص ۱۴)
اس کا جواب زبیدی صاحب نے لکھا تھا کہ اس کی داد تو علامہ رضی (شیعہ) بو علی سینا، فارابی اور کندی جیسے فلسفی ہی دے سکتے ہیں۔ (محدث جمادیین ۱۳۹۳ھ ملخصاً)
جناب اس تلمیح سے ناراض ہو گئے ہیں کیا یہ انصاف ہے؟ مولانا محترم نے لکھا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ اور عامیانہ علم کلام و عربیت کی وجہ سے جدید طبقہ بجائے خود دین سے بدکنے لگا ہے۔ اسلام پر رحم کریں اور کچھ طور بدلیں۔ (محدث محرم و صفر ص ۲۰ ملخصاً)
یہ خالص درد مندانہ بات تھی مگر آپ نے اس کا بھی برا منایا حالانکہ بات اسلام کے مستقبل کے لئے تھی مگر جناب نے اس کو ذاتی مسئلہ بنا لیا۔
حالات کی نزاکت کا واسطہ: مدیر معارفِ اسلام نے لکھا ہے کہ وقت اتحاد کا ہے جھگڑے کا نہیں۔ اس لئے اس مضمون کی ضرورت نہیں۔ اس پر مولانا نے معارف کی جارحیت کے وہ اشتعال انگیز نمونے دکھائے جو صحابہ کرام جیسی نفوسِ قدسیہ اور خود اہلحدیث بزرگوں کے خلاف کی گئی تھی۔‘‘ پھر ان س پوچھا تھا کہ صلح کل کے یہی نمونے ہیں؟ معارف نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا اگر دیا بھی تو اور فاش ہو گئے یعنی کہا کہ ہم تو صحابہ کا احترام کرتے ہیں ماسوائے چند افراد کے جو کہ دشمنانِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آلِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم تھے (اکتوبر ۷۴ء) غور فرمایا: معارف نے کیا کہا؟ پھر ان صحابہ کی لسٹ پیش کی جن کا وہ احترام کرتے ہیں۔ ابو ذر، سلمان، علی، عمار، حذیفہ، جابر، ابو سعید خدر، ابن عباس۔ باقی رہے دوسرے صحابہ رضی اللہ عنہم وہ خود ہی سمجھ لیجئے!
لطیفہ: جناب نے اویس قرنی کا نام بھی اس لسٹ میں پیش فرمایا ہے (معارف ص ۷۰) ماشاء اللہ کتنی عظیم دریافت ہے؟ اہل حدیثوں اور صحابہ کے سلسلے میں ان کی جارحیت کے نمونے محدث صفر ص ۲۳ تا ۲۶ ملاحظہ فرمائیں تاکہ آپ کو ان کی صلح جوئی اور نزاکتِ وقت کا اندازہ ہو جائے۔
خلافت و عصمت: پھر مولانا نے خلاف کی حقیقت اور اقسام سے بحث کی اور خوب کی، اس کے علاوہ خلیفہ کے معصوم ہونے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کیا بات ہے قرآن اور خود شیعہ حضرات کی تصریحات کے خلاف ہے؟ ملاحظہ ہو محدث جمادی الاولیٰ والآخرۃ۔ ص ۲۳ تا ص ۲۵۔
معاصر معارف نے اس پر کتنی توجہ دی؟ وہ آپ کے سامنے ہے!