کتاب: محدث شمارہ 368 - صفحہ 23
کتاب و حکمت
محمد رفیق چودھری
فواتح السور (قرآنی سورتوں کے افتتاحی کلمات)
کی تقسیم اور بعض اعجازی پہلو
قرآنی سورتوں کی ابتدا میں جو الفاظ آئےہیں، اُنہیں اصطلاح میں 'فواتح السُّوَر' کہا جاتا ہے۔ اگر ان افتتاحی کلمات کی نوعیت اور حقیقت پر غور کیا جائے تو انکی دس اقسام بن جاتی ہیں جو حسب ِذیل ہیں:
۱۔ وہ سورتیں جن کا آغاز اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا سے ہوتا ہے۔
۲۔ وہ جن کے شروع میں حروف تہجی (یا حروفِ مقطعات) وارد ہوئے ہیں۔
۳۔ وہ جن کی ابتدا حروفِ ندا سے ہوئی ہے۔
۴۔ وہ جو جملہ خبریہ سے شروع ہوتی ہیں۔
۵۔ وہ جن کا آغاز قسم سے ہوا ہے۔
۶۔ وہ جن کے شروع میں حروف شرط إذَا آیا ہے۔
۷۔ وہ جن کی ابتدا فعل امر سے ہوئی ہے۔
۸۔ وہ جو کسی حرفِ استفہام سے شروع ہوتی ہیں۔
۹۔ وہ جس کا آغاز لِ (لام تعلیل یا لامِ تعجب) سے ہوا ہے۔
اب ان سب کی تفصیل بیان کی جاتی ہے:
۱۔ وہ سورتیں جن کا آغاز اللہ تعالیٰ کی حمدوثنا سے ہوتا ہے
جن سورتوں کی ابتدا اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا اور تسبیح وتنزیہ سے ہوتی ہے، ان کی تعداد چودہ(۱۴)ہے: الفاتحہ، الانعام، بنی اسرائیل، الکہف، الفرقان، سبا، فاطر، الحدید، الحشر، الصّف، الجمعہ، التغابن، الملک، الاعلیٰ