کتاب: محدث شمارہ 364 - صفحہ 105
تبصرہ کتب حافظ طاہر الاسلام عسکری[1] اہل حدیث کا منہج اور احناف سے اختلاف کی حقیقت و نوعیت تالیف: حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ صفحات: ۲۸۷۔.. ناشر:اُمّ القریٰ پبلی کیشنز، سیالکوٹ روڈ، فتومند، گوجرانوالہ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کی ہستیِ گرامی دنیاے علم و تحقیق میں عموماً اور جماعت اہل حدیث میں خصوصاً چنداں محتاجِ تعارف نہیں۔محترم حافظ صاحب مبدءِ فیض سے بے شمار خوبیوں اور صلاحیتوں سے بہرہ مند ہیں۔وہ بنیادی طور پر میدانِ قلم و قرطاس کے شہ سوار ہیں اور ان کے موضوعاتِِ تحریر میں انتہائی وسعت اور بو قلمونی پائی جاتی ہے؛ چنانچہ قرآنِ حکیم کی تفسیر و توضیح ہو یا حدیث کی شرح و وضاحت؛ فکر و عقیدہ کے مباحث ہوں یا فقہ واجتہاد کے مسائل؛ آئینی و قانونی معاملات ہوں یا معاشرتی اُمور؛ انھوں نے ہر موضوع پر تحریر و تحقیق کے جوہر دکھلائے ہیں۔موضوعات کے تنوع سے جہاں ان کی دقتِ نگاہ اور وسعتِ نظر کا اندازہ ہوتا ہے، وہیں اُن کی نگارشات کے مطالعے سے یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ ان کا اُسلوبِ تحریر انتہائی دل آویز، جاذبِ توجہ اور زبان و ادب کی چاشنی کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔حافظ صاحب موصوف فی زمانہ اہل حدیث کے اُن معدودے چند اربابِ قلم میں سر فہرست ہیں، جن کا اندازِ تحریر معیاری اور زبان و بیان کے پہلو سے اس لائق ہے کہ قاری کو نہ صرف اپنی جانب متوجہ کرسکتا ہے، بلکہ اہل ذوق کی تسکین کا پورا سامان بھی اپنے دامن میں رکھتا ہے۔ مسلکِ اہل حدیث اور اس کے اُصول و مبادی کی توضیح و تنقیح بھی محترم حافظ صاحب کی
[1] ایڈیتر ماہی ’نظریات‘ لاہور....فاضل جامعہ لاہورالاسلامیہ،لاہور