کتاب: محدث شمارہ 363 - صفحہ 9
'کلیۃ الشریعہ' قائم ہوا جو قانون وشریعت کی مہارت اور عدل وانصاف کے اسلامی ماہرین کی تیاری کے لئے مختص ہے اور1992ء میں سب سے پہلا کلیۃ القرآن الکریم قائم ہوا جس کا مقصد علوم قرآن اور تفسیر وقراءات میں کلام الٰہی کو مرکزی حیثیت سے پڑھانا تھا۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ جہاں برصغیر کی روایتی درسگاہوں سے مختلف اورعالم عرب کی جامعات کی طرز پر پاکستان میں پہلا پہلا تجربہ تھا، وہاں ان چالیس سالوں میں اس کے فضلا کو سعودی جامعات میں سب سے زیادہ سکالر شپ بھی حاصل ہوے جس کی تعداد سیکڑوں تک پہنچتی ہے۔ اس وقت جامعہ لاہور الاسلامیہ، لاہور میں تین بڑے مراکز میں جو مختلف مراحل تعلیم کے لئے مختص ہیں، پھیلا ہوا ہے۔ 'جامعہ لاہور الاسلامیہ ،البیت العتیق' کے نام سے واپڈا ٹاؤن کے قرب میں وسیع تر ادارہ حفظِ قرآن اور ثانوی درجہ یعنی ایف اے تک کی معیاری تعلیم کے لئے ڈاکٹر قاری حافظ حمزہ مدنی کی قیادت میں کام کررہا ہے۔ یہاں سیکڑوں کی تعداد میں رہائشی طلبہ علوم اسلامیہ کی تحصیل میں مشغول ہیں اور پچیس سے زائداساتذہ وعلماے کرام ، جامعہ میں ہمہ وقت موجود رہ کر مستقبل کے علما کی علمی وعملی تربیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ 'جامعہ لاہور الاسلامیہ ، رحمانیہ' کےنام سے گارڈن ٹاؤن میں قائم ادارہ راقم الحروف کی نگرانی میں کلیہ یعنی کالج لیول کی تعلیم کے لئے سرگرم ہے۔ جہاں علوم اسلامیہ میں عرب یونیورسٹیوں کی طرح چار سالہ کلیۃ الشریعہ اور ایم فل علوم اسلامیہ کی کلاسیں جاری ہیں۔ایم فل کی طرح ، اس چار سالہ تعلیمی پروگرام کو بھی پاکستان میں حال ہی میں متعارف ہونے والے چار سالہ بی ایس پروگرام کی شکل دے کر، اس کی تکمیل پر ایم اے کی سرکاری سند جاری کی جاتی ہےجس میں بی اے کی سند شامل ہوتی ہے ۔ اس ادارہ میں طلبہ کے علاوہ طالبات کی ایک کثیر تعداد بھی مستقل اور جداگانہ بنیادوں پر تعلیم حاصل کرتی ہے اور خواتین کے تعلیمی مراحل کی تمام تر نگرانی مولانا حافظ عبد الرحمٰن مدنی کی اہلیہ محترمہ کرتی ہیں۔ مولانا مدنی کی اہلیہ محترمہ، مولانا عبدالرحمٰن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی بیٹی ہیں اور خودبھی عرصہ تیس برس سے'اسلامک انسٹیٹیوٹ' کے نام سے خواتین کے لاہور میں 6/تعلیمی ادارے اور 25قرآن سنٹرز کی نگرانی کررہی ہیں۔ برسہا برس کی تدریسی سرگرمیوں میں اُن سے تیس ہزار سے زائد خواتین نے قرآنِ کریم اور حدیثِ نبوی کی براہِ راست تعلیم حاصل کی ہے۔ لاہور کے خواتین