کتاب: محدث شمارہ 363 - صفحہ 10
حلقوں میں اُن کے یومیہ درس باقاعدگی سے ہوتے ہیں ۔خواتین کے یہ مراکز مولانا مدنی کی اہلیہ محترمہ اور اُن کی بیٹیوں کی زیر نگرانی مصروفِ عمل ہیں۔ذلک فضل اللّٰه یوتیه من یشاء!
جامعہ کی تیسری مرکزی بلڈنگ ماڈل ٹاؤن میں واقع ہے۔یہ وہ مبارک عمارت ہے، جہاں قیام پاکستان کے بعد روپڑی بزرگان (حافظ عبد اللہ روپڑی، حافظ محمد حسین روپڑی، حافظ محمد اسمٰعیل روپڑی اور حافظ عبد القادر روپڑی رحمہم اللہ ) نے قیام کیا اور وہاں آج تک اُن کے جاری کردہ علمی فیوض اورتدریسی وتحقیقی سلسلے جاری وساری ہیں۔ اس عمارت میں مجلس التحقیق الاسلامی،محدث کے دفاتر اورلاہور کی عظیم الشان اسلامی لائبریری 'مکتبہ رحمانیہ 'موجود ہے۔ حالیہ دنوں میں اسی مرکز سے اُردو زبان کی سب سے بڑی ویب سائٹ 'کتاب وسنت.کام' اور اس سے ملحقہ ویب سائٹس کی تیاری ہوتی ہے۔ یہ ویب سائٹ اور مرکزڈاکٹر حافظ انس مدنی (فاضل مدینہ یونیورسٹی) کے زیر نگرانی کام کررہاہے۔ اس ویب سائٹ پر دنیا بھر سے اُردو لٹریچر بالکل مفت پڑھا اور ڈاؤن لوڈ کیا جاتا ہے۔حال ہی میں یہاں احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہ کے مستند تراجم وشروح کی جدید ترین ویب سائٹ کا بھی آغازکیا گیا ہے جو جدید دنیا کی اہم ترین علمی ضرورت تھی۔ محدث فتاویٰ کی ویب سائٹ میں تقریباً 10 ہزار فتاویٰ دیے جاچکے ہیں اور باقاعدگی سے یہ سلسلہ جاری ہے، تحقیقی سرگرمیوں کےساتھ یہ مرکز پی ایچ ڈی مرحلہ کی تعلیم وتحقیق کے لئے مخصوص ہے۔ تینوں مراکز میں باقاعدہ مساجد بھی موجود ہیں۔مرد وخواتین کے لئے ان تمام تعلیمی مراکز کی سرپرستی اور نگرانی جناب مدیر اعلیٰ' محدث 'مولانا مدنی حفظہ اللہ فرماتے ہیں۔
جامعہ میں ائمہ مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد
گذشتہ ماہ 4/اکتوبر 2103ء کا دن اس لحاظ سے بڑا مبارک ثابت ہوا کہ اس دن جامعہ کی البیت العتیق برانچ کو مسجدِ نبوی کے ائمہ کرام اور مدینہ یونیورسٹی کے تین اساتذہ کرام کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ 4/اکتوبر کی نمازِ عشا کی امامت جامعہ کی مرکزی مسجد میں مسجدِ نبوی کے مشہور امام ڈاکٹر شیخ محمد ایوب مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی۔ ان کے ہمراہ مسجدِ نبوی کے معروفِ زمانہ امام شیخ ڈاکٹر علی عبد الرحمٰن حذیفی کے فرزندِ ارجمند ڈاکٹراحمد علی عبد الرحمن حذیفی بھی موجود تھے۔ شیخ محمد ایوب اپنے خوبصورت لہجہ میں برسہا برس مسجدِ نبوی میں تراویح کی امامت فرماتے