کتاب: محدث شمارہ 362 - صفحہ 97
نے اہم موضوعات میں پی ایچ ڈی کرکے عصری جامعات سے ڈاکٹریٹ کی اسناد بھی حاصل کرلی ہیں۔ حافظ حسن مدنی، جو پہلے جامعہ لاہور الاسلامیہ(رحمانیہ) میں مدیر التعلیم اور ماہنامہ'محدث'کے مدیر ہی تھے، اب وہ اُس کے ساتھ ساتھ پنجاب یونیورسٹی میں علوم اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حال ہی میں اُنہیں کتاب وسنت کی اشاعت کے عالمی ادارے 'دار السلام انٹرنیشنل' کے زیر اہتمام قائم ہونے والی اہل علم وقلم کی تنظیم 'اہل حدیث رائٹرز فورم' کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔محدث میں ان کے مضامین ومقالات کئی برسوں سے شائع ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی، قراءاتِ عشرہ کے نہایت ممتاز قاری ہیں اور جامعہ لاہور الاسلامیہ کی البیت العتیق برانچ کے مدیرالتعلیم ہیں، ہر سال کویت میں رمضان المبارک کے قیام اللیل میں اہل عرب کو اپنی خوب صورت آواز میں مسحور و محظوظ کرتے ہیں، عشرۃ قراءات میں اُن کی آواز میں مکمل قرآن، کویت ومصر میں ریکارڈ ہو چکے ہیں ۔حافظ انس مدنی، مدینہ یونیورسٹی کے فاضل،تفسیر قرآن اورعلم الفرائض (علم وراثت) میں خصوصی مہارت کے حامل ہیں او رجامعہ مذکور میں استاذ ہونے کے ساتھ ساتھ اُردو زبان میں اہل حدیث کی سب سے بڑی ویب سائٹ 'کتاب وسنت' کے مدیر ہیں۔ اُنہوں نے بھی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ گویا یہ خانوادۂ علم وعمل...؏ ایں خانہ ہمہ آفتاب است..... کا مصداق ہے۔ كثّر اللّٰه أمثالهم فينا حافظ عبدالرحمٰن مدنی صاحب کی چھ بیٹیاں ہیں۔ سب کی سب حافظات اور دینی تعلیم سے آراستہ ہیں، ان میں سے ایک ڈاکٹرحافظہ مریم مدنی نے غالباً درایتِ تفسیری کے نہایت اہم موضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی لی ہے۔ مزید دو بیٹیاں بھی ڈاکٹریٹ کی سند حاصل کر چکی ہیں۔ حافظ صاحب کے داماد بھی علم وتحقیق اور دعوت وخطابت میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں ڈاکٹر حافظ محمد زبیر، ڈاکٹر خالد حمید، عبد القوی لقمان کیلانی اور حافظ طاہر اسلام عسکری نمایاں ہیں۔یوں اس منزلِ علم و عمل کے حافظ عبدالرحمٰن مدنی پہلے اکیلے ہی راہی تھے، اب اُن کے صاحبزادگان والاتبار اور بیٹیاں واصہار بھی ان کے رازداں اور اس وادئ پرخار کی آبلہ پائی میں اُن کے ہمدم و ہم ساز او ران کے مددگار ہیں۔ حفظہم اللّٰه تعالىٰ