کتاب: محدث شمارہ 360 - صفحہ 92
معیشت واقتصاد عثمان صفدر 'اسلامی بینکاری؛ میزانِ شریعت میں !' 'المدینہ اسلامک ریسرچ سنٹر'کے زیر اہتمام منعقدہ سیمی نار کی سفارشات دنیا کے گلوبل ولیج بننے سے معیشت، تجارت اور معاہدات میں پیدا ہونے والی نت نئی صورتوں کی شرعی حیثیت کا جائزہ لینے، عوام الناس کو جدید معاشی مسائل سے متعلق شرعی آگاہی دینے ، خصوصاً اسلامی بینکنگ میں رائج مرابحہ ، مشارکہ اور مضاربہ وغیرہ کی شرعی حیثیت جاننے،ان مسائل کا شرعی متبادل پیش کرنے اورملکی معیشت کو شرعی خطوط پر استوار کرنے کے لئے،'المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی 'کی جانب سے ایک سیمی ناربعنوان 'اسلامی بینکاری شرعی میزان میں' منعقد کیا گیا جس میں ملک کے مایہ ناز علما و ماہرین معیشت نے خطاب کیااورمتعلقہ موضوعات پر اپنے اپنے علمی مقالہ جات پیش کئے ۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں علما و مفتیانِ کرام ،اسلامی بینکاری سے متعلقہ شخصیات، سرمایہ داران اوراعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ و پروفیسرزاورطلبہ نے شرکت کی۔ سیمینار کے آخر میں مروّجہ اسلامی بینکاری کے نظام میں اصلاحات اور صحیح اسلامی بینکاری کے قیام کے لیے علماے کرام کی بیان کردہ تجاویز کی روشنی میں اہم سفارشات پیش کی گئیں جو درج ذیل موضوعات کے تحت بیان کی جارہی ہیں: 1. تمہید 2. مروّجہ اسلامی بینکنگ میں موجود شرعی قباحتیں 3. صحیح اسلامی بینکاری کے لئے بنیادی تجاویز 4. دیگر عمومی سفارشات