کتاب: محدث شمارہ 360 - صفحہ 4
دینے کی سازشیں زوروں پر ہیں!!
دینی مدارس سے میڈیا کے اربابِ اختیار کی بدگمانی اور امتیازی رویّے کا یہ عالم ہے کہ اگلے روز کے اخبارات میں روزنامہ 'نوائے وقت' کی ایک مختصر خبر کے علاوہ، اس غیر معمولی واقعہ کی نمایاں خبر شائع کرنے یا کسی ٹی وی چینل پر نشر کرنے کی توفیق بھی کسی کو نصیب نہیں ہوئی۔ الغرض حکومت کے جن مشیران نے وزیر اعلیٰ کو اس طرف متوجہ کیا اور اُنہوں نے اس اقدام کو منظور کرکے خاص اہمیت دی، اُس پر ہمیں ان کا شکر گزار ہونا چاہئے۔
اس اعزاز کی اہمیت ومعنویت سے آگے بڑھتے ہوئے، یہاں یہ بات قابل توجہ ہے کہ مغربی تہذیب اپنے جلو میں جن مفاسد کو لے کر آرہی ہے، ان میں بے حیائی، فحاشی، رقص ومیوزک، مرد و زَن کے عشق وفسق پر مبنی آزادانہ تعلقات سرفہرست ہیں، ان خرابیوں پر مغربی تہذیب کے نظریاتی مغالطے: مرد وزَن کی مزعومہ مساوات، مادر پدرآزادی، انسانی حقوق کے من چاہے معیار، جمہوریت، مادیت، دنیوی افادیت اور دین بیزاری کے الحادی اور خانہ ساز نظریے مستزاد ہیں، اور اہل مغرب ان تمام عملی ونظریاتی حربوں کو دنیا بھر میں اپنے میڈیا کے ذریعے پھیلا رہے ہیں۔ فی الوقت کمپیوٹر کی سکرین سے زیادہ کوئی شے موزوں تر نہیں جس کے ذریعے یہ حیاباختہ اور الہٰیت بیزار تہذیب تقویت حاصل کرسکے۔ ایک وقت تھا کہ کسی گھر کے اوپر ڈش کی موجودگی، کسی شخص کے پاس انسانی تصاویر، کسی گھر میں ٹی وی اور وی سی آر وغیرہ کا وجود، اُس کے برے تعارف کے لئے کافی سمجھے جاتے تھے۔ آج تہذیبِ مغرب کا دباؤ اس حد تک جا پہنچا ہے کہ مذکورہ بالا تمام خرابیاں جن کے خاتمے کے لئے علما اور مدارس ومساجد نے برسہا برس بھرپور مہم چلائے رکھی اور مغربی تہذیب کو پنپنے سے روکے رکھا، آج ہر ایک کے ہاتھ میں ہیں، برائی کا احساس ہی مٹ چکا ، حتیٰ کہ انہی مدارس کے طلبہ واساتذہ کو اُسی کمپیوٹر کا تحفہ دیا جارہا ہے۔
موبائل فون کی سکرین، کیمرے، انٹرنیٹ، میوزک اور ایس ایم ایس کی سروسز اس وقت سنگین خرابیوں کی بنیاد بنتی جارہی ہیں۔ رنگین موبائل فونوں میں فحش مناظر کی فلمیں اور بے ہودہ گانے اس قدر معمول کی چیز بن گئے ہیں کہ ان مضرات کی بنا پر بہت سے دینی مدارس میں کیمرے یا میموری کارڈ والے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی ہے، حتیٰ کہ بعض اداروں میں تو ہر قسم کے موبائل فون کو رکھنا سرے سے ممنوع ہے کیونکہ طلبہ کے لئے ہمہ وقتی رابطہ کوئی ایسی سنگین ضرورت نہیں جس سے اُن کی روزمرہ تعلیم کا معیار متاثر ہوتا ہو۔ مدارس میں