کتاب: محدث شمارہ 360 - صفحہ 3
اس اِعزاز سے نوازا۔ تقریب کا انتظام وانصرام بھی بڑا مثالی تھا۔ یہ تقریب اس لحاظ سے بھی باعث ِخیر وبرکت تھی کہ عین نمازِ مغرب سے 15 منٹ قبل شروع ہونے والی اس تقریب میں تلاوتِ قرآن مجید اور نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے فوراً بعد نمازِ مغرب کے لئے مکمّل وقفہ کردیا گیا اور تمام شرکا کے نماز ادا کرلینے کے بعد تقریب کی باضابطہ کاروائی شروع کی گئی۔ سرکاری تقریبات میں اس طرح نماز کا اہتمام ایک قابل اتباع رویہ ہے جس کا خیر مقدم اور پیروی کی جانی چاہئے۔ نمازِ مغرب کے فوراً بعدکمپیوٹر حاصل کرنے والے ممتاز طلبہ وطالبات کے اعزاز میں پنجاب پولیس کے دستے نے 'گارڈ آف آنر' بھی پیش کیا، اس موقع پر ہر وفاق سے ایک ایک نمائندہ شخصیت نے مختصر وقت میں اپنے اپنے تاثرات پیش کئے اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اِن طلبہ وطالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن سے اپنا حالِ دل بھی بیان گیا۔ اپنی اُمیدیں، تمنائیں اور اپنے وِژن سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے جناب خادم اعلیٰ پنجاب نے بہت سی قابل ذکر باتیں کیں۔ یاد رہے کہ اس سے دو روز قبل لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک تقریب ملتان کی بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے سیمینار ہال میں بھی منعقد ہوچکی تھی جس میں وزیر اعلیٰ کے معتمد ِخاص جناب ذو الفقار کھوسہ نے جنوبی پنجاب کے طلبۂ مدارس میں لیپ ٹاپ کمپیوٹر تقسیم کئے تھے۔ دینی مدارس میں لیپ ٹاپس کی یہ تقسیم اس لحاظ سے خوش آئند اور تاریخ ساز قرار دی جاسکتی ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے وطن عزیز میں مدارسِ دینیہ کے طلبہ کی پذیرائی اور اُن پر حسن اعتماد کا یہ ایک قابل ذکر واقعہ ہے، بلکہ بعض حاضرین کے خیال میں اسے تاریخ پاکستان کا ایسا اوّلین قدم قرار دیا جاسکتا ہے جس میں طلبۂ مدارس کو سرکاری سطح پر اپنائیت اور اعتماد ومحبت دی گئی۔ لیپ ٹاپ کمپیوٹرز کی یہ تقسیم اس لحاظ سے بھی مبارک ہے کہ حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کے ذریعے ان طلبہ کو سکول وکالج کے طلبہ کے مساوی طالبِ علم ہونے کی حیثیت کو تسلیم کیا گیا، اور علوم اسلامیہ کی تعلیم وتدریس میں حکومت اور معاشرے کی دلچسپی کو اُجاگر کیا گیا۔ حکومتِ پنجاب کا یہ اقدام اس لحاظ سے بھی غیرمعمولی معنویت رکھتا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا جب اَغیار کی سازشوں سے متاثر ہوتے اور اُن کے ہاتھوں میں کھیلتے ہوئے دینی مدارس اور علماے اسلام کو معاشرے کا ایک غیر مفید بلکہ مخالف عنصر قرار