کتاب: محدث شمارہ 36 - صفحہ 44
(۶) نام کتاب : ایک اجتماع کی کہانی تالیف : محمد لیث صفحات : ۹۶ صفحات قیمت غیر مجلد : ۳ روپے ناشر : مکتبہ الخیر. ۴۰، اردو بازار. لاہور ۱۹۶۳ء میں بر سرِ اقتدار طبقے کی تمام رکاوٹوں کے باوجود جماعت اسلامی کا کل پاکستان اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع کی کہانی محمد لیث صاحب نے بچوں کے لئے مرتب کی ہے۔ اجتماع میں شریک ایک رکن جماعت کی زبانی کاروائی پیش کی گئی ہے۔ کاروائی میں تقریروں اور دروسِ حدیث کا مختصر خلاصہ آگیا ہے اور جماعت کی عوت واضح ہو گئی ہے۔ بچوں کو جماعت کے مقاصد سے روشناس کرانے کی ایک اچھی کوشش ہے قیمت نسبتاً زیادہ ہے۔ (۷) نام کتاب : سید مودودی تالیف : اسعد گیلانی صفحات : ۸۰ صفحات طباعت : گوارا، سرورق خوبصورت قیمت : ۱ روپیہ ۵۰ پیسے ناشر : مکتبہ الخیر. ۴۰ اردو بازار. لاہور جناب اسعد گیلانی جماعت کے اچھے لکھنے والوں میں سے ہیں۔ موصوف نے سید مودودی کی سوانح و خدمات پر زیرِ نظر کتابچہ لکھا ہے۔ کتابچہ دیکھنے سے ایسے معلوم ہوتا ہے کہ اسعد صاحب کے ذہن میں جو معلومات تھیں انہیں ایک ترتیب سے درج کر دیا ہے اور زیادہ تلاش و جستجو سے کام نہیں لیا گیا۔ ص ۱۱ پر لکھا ہے کہ نو سال کی عمر میں مولانا نے ’جماعت رشیدیہ‘ میں داخلہ لیا۔ رشیدیہ غلط ہے، ’رُشدیہ‘ درست ہے۔ مولانا کی سزائے موت پر احتجاج کے سلسلہ میں ملّا نور المشائخ مرحوم کا بیان دوبارہ درج ہوا ہے۔ اور ایک شخص کے بارے میں دو مختلف افراد کا تاثر ملتا ہے۔ کتابت کی غلطیاں بھی کھٹکتی ہیں۔ اُمید ہے آئندہ ایڈیشن مزید بہتر ہو گا۔