کتاب: محدث شمارہ 36 - صفحہ 42
(۲) ماہنامہ ’میثاق‘ اپریل ۷۴ء مدیر : ڈاکٹر اسرار احمد ڈاکٹر اسرار احمد کے زیرِ ادارت شائع ہونے والے ماہنامہ ’میثاق‘ کی اشاعت بسلسلہ علامہ اقبال رحمہ اللہ زیرِ نظر ہے۔ اس اشاعت میں علامہ اقبال رحمہ اللہ کے فکر و فلسفہ پر پروفیسر محمد منور، ڈاکٹر ابصار احمد اور ڈاکٹر اسرار احمد کے رشحاتِ قلم شامل ہیں: مولانا امین احسن اصلاحی کی تفسیر ’تدبر قرآن‘ بالاقساط ’میثاق‘ میں شائع ہوتی ہے۔ زیرِ نظر شمارہ میں ’سورۂ کہف‘ کی آیات ۲۷-۴۹ کی تفسیر شامل ہے۔ (۳) نام کتاب : فضائل تہجّد تصنیف : مظفر حسین مفتیٔ اعظم مظاہر علوم سہارنپور صفحات : ۱۲۸ صفحات طباعت : عمدہ قیمت : ۵۰/۳روپے ملنے کا پتہ : اسلامی اکادمی. اردو بازار. لاہور مظاہرِ علوم سہارن پور کے شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب نے فضائل نماز، فضائل رمضان اور فضائل صدقات وغیرہ لکھے جو آج تبلیغی نصاب کے طور پر پڑھے جاتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں مظاہر علوم سہارن پور کے مفتیٔ اعظم نے ’فضائل تہجد‘ پر قلم اُٹھایا۔ موصوف نے اس رسالے میں قرآن و سنت سے تہجد کی اہمیت اور فضائل پر روشنی ڈالی ہے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، تابعین اور مشائخ عظام کے اقوال اور ان کی تہجد کے ایمان افروز واقعات نقل کیے ہیں جن سے روح کو بے پناہ فرحت اور شعور کو آمادگیٔ عمل حاصل ہوتی ہے۔ آخر میں تہجد کے آداب و احکام بیان کر دیئے گئے ہیں۔ ’فضائل تہجد‘ اپنی اہمیت کے پیش نظر تبلیغی نصاب کے تتمہ کا مصداق ہے۔ (ابو شاہد)