کتاب: محدث شمارہ 36 - صفحہ 41
عزیز زبیدی وار برٹن ابو شاہد (ایم۔اے) تعارف و تبصرہ کتب نام کتاب : روشنی کے مینار مؤلّف : حافظ محمد ادریس صفحات : ۲۰۸ صفحات ناشر : مکتبہ ظفر۔ محلہ فیض آباد سرگودھا روڈ گجرات قیمت : ۹ روپے تاریخ اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے کارنامے ستاروں کی طرح جگمگا رہے ہیں اور یہ حقیقت ہے کہ اسلام کا سنہری دور وہی تھا جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ دنیا کو اسلام کا پیغام پہنچا رہے تھے۔ انہوں نے اسلام کی اشاعت میں کردار و عمل سے ایسا اسوہ پیش کیا جو آج بھی اس راہ کے مسافروں کے لئے قابلِ تقلید مثال ہے۔ چشم فلک نے کسی نبی کے ایسے جانثار ساتھی نہیں دیکھے جو اپنے نبی کے اشاروں پر اپنی جانیں کٹا دینا فخر سمجھتے ہوں۔ اس برگزیدہ گروہ کے بیس افراد کا مختصر تذکرہ ’روشنی کے مینار‘ کے نام سے حافظ محمد ادریس نے مرتب کیا ہے۔ مرتب کتاب نے ان صحابہ رضی اللہ عنہم کا انتخاب کیا ہے جو عام طور پر زیادہ معروف نہیں مگر ان کے کارنامے اور ان کی پاک سیرتیں حرارت ایمانی کا باث ہیں۔ حافظ صاحب نے تحریکِ اسلامی کے ایک کارکن کی حیثیت سے ان اصحاب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتوں کا مطالعہ کیا ہے اور یہی جذبہ وہ پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ یہ واقعات برائے واقعات نہیں بلکہ واقعات برائے دعوتِ عمل ہیں۔ حافظ صاحب کی یہ مساعی قابلِ قدر ہے۔ کتاب پر اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ جناب ظفر بلوچ نے مقدمہ لکھا ہے۔