کتاب: محدث شمارہ 359 - صفحہ 70
پر پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔موضوع کا عنوان ''Punishment in Islam, Their Classification and Philosophy'' تھا۔ پروفیسر طاہرالقادری صاحب کے تعلیمی کیریئر میں ہمیں ایل ایل ایم کی کسی ڈگری کا تذکرہ نہیں ملا۔ ایل ایل بی کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی کی ڈگری کا تذکرہ ملتا ہے۔غالباً ڈاکٹریٹ کی یہ ڈگری شعبۂ اسلامیات کے تحت جاری ہوئی ہے لہٰذا یہ علومِ اسلامیہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے، لیکن موضوع کی مناسبت سے اسے اسلامک لاء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری قرار دیا گیا۔ امر واقعہ یہ ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں فیکلٹی آف لاء کے تحت 1986ء میں پی ایچ ڈی کی کی پہلی دفعہ رجسٹریشن ہوئی اور پروفیسر طاہرالقادری صاحب 1986ء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے تھے۔ پروفیسر طاہرالقادری صاحب کے لاء کالج میں اسلامک لاء یعنی فقہ اسلامی پڑھانے کے سبب سے ان کی علومِ اسلامیہ کی پی ایچ ڈی کے بارے یہ گمان عام ہو گیا کہ شاید وہ فیکلٹی آف لا ء کے پی ایچ ڈی ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ وہ علومِ اسلامیہ میں پی ایچ ڈی ہیں۔ مذہبی اور سیاسی کیریئر پروفیسر محمد طاہر القادری نے 1974ء میں گورنمنٹ کالج، عیسیٰ خیل، میانوالی میں علومِ اسلامیہ کے لیکچرر کے طور پر اپنی سروس کا آغاز کیا۔ 1975ء میں اس عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ 1976ء میں بطور ایڈووکیٹ کے جھنگ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پریکٹس شروع کی۔ 1976ء میں 'جھنگ محاذِ حریت' کے نام سے نوجوانوں کی ایک تنظیم بنائی۔ 1978ء میں جھنگ سے لاہور منتقل ہوئے اور اسی سال پنجاب یونیورسٹی میں لاء کالج میں اسلامک لاء یعنی فقہ اسلامی کے لیکچرار مقرر ہوئے اور 1983ء تک بطورِ لیکچرار ملازمت کی۔اسی سال اُنہیں حکومتِ پاکستان نے وفاقی شرعی عدالت کا مشیر فقہ نامزد کیا۔ 1981ء میں 'قرآن کانفرنس' کے ذریعے 'منہاج القرآن' کے قیام کی دعوت شروع کی۔1982ء میں حکومتِ پاکستان نے اُنہیں سپریم کورٹ آف پاکستان کے 'شریعت ایپلٹ بنچ' کا مشیر مقرر کیا۔ 1982ء میں ایران کا دورہ کیا اور آیت اللہ خمینی وغیرہ سے ملاقاتیں کیں۔1982ء میں میاں نواز شریف صاحب کی جامع مسجد اتفاق کالونی، ماڈل ٹاوٴن، لاہور میں خطابت شروع کی اور میاں فیملی سے ان کے یہ تعلقات اوائل 88ء تک جاری رہے اور اس کے بعد اُن میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔ 1983ء میں پی ٹی وی پر فہم القرآن کے خطبات کا آغاز کیا۔ اسی سال ایم بلاک، ماڈل ٹاوٴن میں 20 کنال کی زمین ادارہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور مسجد کے لیے خریدی گئی۔ 1984ء میں ادارہ منہاج القرآن کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔اسی سال ان کے بقول اُنہیں ادارہ منہاج القرآن کے قیام کے حوالہ سے خواب میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے کچھ بشارتیں بھی حاصل ہوئیں۔ 1986ء میں منہاج